ملک ریاض کا الطاف حسین کے نام پر یونیورسٹی بنانے اور ایم کیو ایم کے شہدا کے ورثاء کو پلاٹ دینے کا اعلان

جمعرات 27 نومبر 2014 21:18

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے کراچی می متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کے نام پر یونیورسٹی بنانے اور ایم کیو ایم کے شہداء کے ورثاء کو پلاٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں عالمی سطح کی یونیورسٹی بنائیں گے جس کی فیس سرکاری اداروں سے کم ہوگی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی ہاکی ٹیم نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور ملک ریاض حسین سے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ نے ٹیم کیلئے دس لاکھ اور ملک ریاض نے ہاکی فیڈریشن کیلئے پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی ساتویں بڑی مسجد لاہور میں بناچکے اب کراچی اور حیدرآباد میں عالمی سطح کی یونیورسٹیاں بنائیں گے جن کی فیس سرکاری اداروں سے کم ہوگی اور کراچی میں الطاف حسین کے نام پر یونیورسٹی بنائیں گے جس کا سنگ بنیاد رواں یا آئندہ ماہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد رکھیں گے۔ یونیورسٹی کا ڈیزائن تیار ہے‘ تعمیر میں کم از کم ایک سال لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام شہداء کو بحریہ ٹاؤن میں پلاٹ دئیے جائیں گے۔