اسلام آباد‘ پمز میں مریض کی ہلاکت پر ورثاء کا نرس پر تشدد،واقعہ کے خلاف نرسز کا پمز ہسپتال میں احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 27 نومبر 2014 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) پمز میں مریض کی ہلاکت پر ورثاء کا نرس پر تشدد،واقعہ کے خلاف نرسز کا پمز ہسپتال میں احتجاجی مظاہرہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پمز ہسپتال میڈیکل وارڈ نمبر 3 میں داخل 80 سالہ خاتون کی ہلاکت پر اس کے ورثاء نے ڈیوٹی پر موجود نرس شازیہ ملک پر تشدد کرنا شروع کر دیا، وارڈ میں موجود باقی سٹاف نے تشدد کرنے والے امجدنامی شخص کو نہ روکا جس کے بعد وہ خاموشی سے ہسپتال سے فرار ہو گیا، اس واقعہ کے خلاف ہسپتال کی نرسز نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ نرسز کی سیکیورٹی کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں جس سے اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔

بعد ازاں ڈاکٹر خلیق الزماں کی یقین دہانی پر نرسز نے احتجاج ختم کر دیا۔ ڈاکٹر خلیق الزماں کا کہنا تھا کہ نرس پر تشدد کے واقعہ پر ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جو جلد واقعہ کی تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلئے اپنی سفارشات پیش کرے گی تا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔ بعد ازاں تھانہ مارگلہ میں نرس پر تشدد کرنے والے ملزم امجد کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔