نوجوانوں کے روزگار کو یقینی بنانے کیلئے فنی و پیشہ ورانہ اداروں کی ایکریڈیٹیشن لازمی ہے ، محمد امتیاز تاجور

جمعرات 27 نومبر 2014 20:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء)سرکاری و نجی شعبہ کے ملک بھر کے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (ٹی وٹ ) فراہم کرنے والے اداروں کی ایکریڈیٹیشن سے متعلق نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمش ( نیوٹیک ) کی نئی تیار کردہ ایکریڈیٹیشن گائیڈ کے آگاہی سے متعلق نیوٹیک نے یہاں ایک روزہ آگاہی سیشن منعقد کیا - ایکریڈیٹیشن گائیڈ کے آگاہی سیشن میں چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر ‘ فاٹا اور گلگت بلتستان سے ٹی وٹ اداروں کی ایکریڈیٹیشن کرنے والے متعلقہ معائنہ کاروں و تجزیہ کاروں نے شرکت کی -نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد امتیاز تاجور نے مذکورہ سیشن کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سیشن کے شرکاء کو فنی و پیشہ ورانہ اداروں کی ایکریڈیٹیشن کرنے کے نظام اور سارے طریقہ کار کو سمجھنے میں بڑی مدد ملے گی - اس نظام کو آسانی سے سمجھنے کیلئے نیوٹیک کے شعبہ ایکریڈیٹیشن و سرٹیفکیشن نے دن رات محنت کر کے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے نئی ایکریڈیٹیشن گائیڈ تیار کی ہے جس کی تفصیل آج آپکے سامنے پیش کی جائے گی - انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ نجی و سرکاری شعبے میں قائم ملک بھر کے تمام فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت فراہم کر نے والے اداروں کے تعلیمی و تربیتی نظام کو قومی و بین الاقوامی صنعتوں کی طلب کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کو یقینی بنایا جائے - لہذا صنعتوں کی طلب کے مطا بق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے موجودہ نظام کی خرابیوں کو دور کرانا اور اس میں اصلاحات لانا نیوٹیک کی ذمہ داری ہے - انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز اور انتہائی پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے کم تعلیم یافتہ اور بیروزگار نوجوانوں کو فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کر کے انہیں ملک کی تعمیری اور با مقصد سرگرمیوں میں مصروف کرنا حکومت اور نیوٹیک کی پہلی ترجیح ہے تا کہ ان بیروزگار نوجوانوں کو دہشت گردی کے عفریت اور جرائم پیشہ سرگرمیوں سے محفوظ بنایا جائے -محمد امتیاز تاجور نے کہا کہ بیرونی ممالک میں پاکستانی لیبر کو سری لنکا اور فلپائن کی لیبر کے مقابلے میں کم تنخواہ اس لئے دی جاتی ہے کیونکہ ان ممالک کی لیبر باقاعدہ تربیت یافتہ سرٹیفکیٹ کے ساتھ روزگار حاصل کرتی ہے جبکہ پاکستانی لیبر بغیر سر ٹیفکیٹ کے تربیت یافتہ لیبر ہوتی ہے لہذا نیوٹیک تمام صوبائی ٹیوٹاز کے ساتھ ملکر اس پالیسی پر گامزن ہے کہ آئندہ پاکستانی لیبر اپنے متعلقہ پیشے کی حاصل کردہ تربیت کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ بیرونی ممالک روزگار حاصل کرے تا کہ انہیں بھی سری لنکا اور فلپائنی لیبر کے برابر تنخواہ ملے- اور اس مقصد کے حصول کیلئے ملک کے نجی و سرکاری شعبہ کے تما م ٹی وٹ اداروں کی ایکریڈیٹیشن لازمی ہے تا کہ یہ ادارے قومی و بین الاقوامی صنعتوں کی طلب کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کریں - ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک کے افتتاحی کلمات کے بعد نیوٹیک کے شعبہ ایکریڈیٹیشن و سرٹیفکیشن کی ڈائریکٹر جنرل سیدہ عدیلہ بخاری نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ فنی و پیشہ ورانہ اداروں کی ایکریڈیٹیشن سے متعلق نیوٹیک نے 2011 ء میں پہلی ایکریڈیٹیشن گائیڈ تیار کی تھی جس میں ٹی وٹ ماہرین نے کافی خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کی تھی جس کے نتیجے میں نیوٹیک نے ان خامیوں اور کمزوریوں کے فوری تدارک کیلئے تمام صوبوں کے متعلقہ اداروں سے کئی اجلاس منعقد کر کے ان تمام متعلقہ اداروں کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے نئی ایکریڈیٹیشن گائیڈ تیار کی ہے جس میں متعلقہ صنعتوں کی طلب کے مطابق ہنر مند افر ادی قوت تیار کرنے کیلئے ان صنعتوں کی تجاویزکو ایکریڈیٹیشن گائیڈ تیار کرتے وقت ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے ٹی وٹ اداروں کی ایکریڈیٹیشن کرنے والے معائنہ کاروں اور تجزیہ کاروں کی رہنمائی وآگاہی کیلئے نیوٹیک نے آج یہ پانچواں سیشن منعقد کیا ہے جب کہ نئی تیار کر دہ ایکریڈیٹیشن گائیڈ سے متعلق آگاہی کیلئے آج کا تیسرا سیشن منعقد کیا گیا ہے - واضح رہے کہ آج کا سیشن ٹی وٹ ریفارم سپورٹ پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا جس کی مالی معاونت یورپی یونین‘ جرمنی ‘ ہالینڈ اور ناروے کے ممالک کر رہے ہیں - جبکہ ان ممالک کے جانب سے جی آئی زیڈ پاکستان میں جاری ٹی وٹ ریفارم سپورٹ پر عملدرآمد کیلئے نیوٹیک کا پارٹنر ہے -نیوٹیک کی نئی تیار کردہ ایکریڈیٹیشن گائیڈ کی آگاہی سے متعلق منعقد سیشن میں شریک ملک بھر کے ٹی وٹ اداروں کی ایکریڈیٹیشن کرنے والے معائنہ کاروں اور تجزیہ کاروں کو مزید راہنمائی و آگاہی فراہم کرنے کیلئے کوالٹی مینجمنٹ کے بین الاقوامی ماہر مسٹر وولکر ہسبرگ نے بھی انہیں تفصیل سے بریف کیا انہوں نے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی ایکریڈیٹیشن کی اہمیت اور ضرورت سے تفصیل سے روشنی ڈالی - انہوں نے بتایا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے متعلق صنعتوں کی حقیقی طلب کے مطابق معیاری ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا بہت ضروری ہے تا کہ ملک کے بیروزگارنوجوانوں کو اپنے روشن مستقبل کیلئے فوری اور وسیع مواقع میسر ہوں لہذا ملک کے بیروزگار نوجوانوں کے روشن مستقبل کی خاطر انہیں روزگار کے وسیع مواقع یقینی بنانے کیلئے فنی و پیشہ ورانہ اداروں کی ایکریڈیٹیشن کا ایک ,مستحکم اور مضبوط نظام بہت ضروری ہے انہوں نے بتایا کہ 2015 ء کے بعد سعودی عرب ‘ متحدہ امارات سمیت تمام خلیجی ممالک اور یورپی یونین غیر ہنر مند اور غیر تسلیم شدہ ہنر مند افرادی قوت پر روزگار کے دروازے بند کر رہے ہیں لہذا حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے پاکستان میں فنی و پیشہ ورانہ اداروں کیلئے نیوٹیک نے ایکریڈیٹیشن کے فوری اور مستحکم نظام کا آغاز کر کے بر وقت قابل تحسین اور دانشمندانہ قدم اٹھایا ہے ۔