ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے علامہ نواز عرفانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت،

پاکستان کے دشمن ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں ،حکومت قاتلوں کو گرفتار کرے

جمعرات 27 نومبر 2014 20:23

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے وحدت المسلمین کے رہنما علامہ نواز عرفانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں، حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں اور ان کے ذیلی اداروں کی نااہلی کے باعث دہشتگرد آسانی کے ساتھ خون کی ہولی کھیلتے اور پھر فرار ہو جاتے ہیں ،انہوں نے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس سے بھی تعزیت کی اور کہا کہ تمام ممالک کے علمائے کرام مل کر دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائینگے اور ملک میں فرقہ واریت کی آگ لگانے کی کسی کو جرأت نہیں ہونے دینگے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں ہے، انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ علامہ نواز عرفانی کی تعزیت کیلئے ان کے گھر جائیں اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔