وزیراعلیٰ شہبازشریف سے عالمی بینک مشن کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھانے پر اتفاق

پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے نمائندوں پر مشتمل سٹےئرنگ کمیٹی کاقیام،کمیٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کرے گی، پائیدار معاشی ترقی کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں،ادارہ جاتی اصلاحات اوردیگر شعبوں میں عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، اربن ڈویلپمنٹ،ایگری بزنس ،لائیوسٹاک ،قدرتی آفات سے نمٹنے اوردیگر شعبوں میں عالمی بینک کے تجربات اورمہارت سے فائدہ اٹھائیں گے، معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے،ای گورنمنٹ کے قیام کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں‘شہبازشریف

جمعرات 27 نومبر 2014 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے جمعرات کے روزیہاں ونسینٹ پلمیڈکی قیادت میں عالمی بینک کے مشن نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے مابین ادارہ جاتی اصلاحات،اربن ڈویلپمنٹ،ایگری بزنس،سکل ڈویلپمنٹ ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،قدرتی آفات سے نمٹنے،لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ،چھوٹی صنعتوں کے فروغ اوردیگر شعبوں میں تعاون کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔

اس مقصد کیلئے عالمی بینک کے نمائندوں اور پنجاب حکومت کے حکام پر مشتمل مشترکہ سٹےئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیااور یہ مشترکہ سٹےئرنگ کمیٹی پنجاب حکومت اورعالمی بینک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے اقدامات کی مانیٹرنگ کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں پائیدار معاشی ترقی کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔

ادارہ جاتی اصلاحات اوردیگر شعبوں کی استعداد کاربڑھانے کیلئے عالمی بینک کے ماہرین کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ادارہ جاتی اصلاحات ،اقتصادی ترقی میں اضافے،فنی تعلیم کے فروغ اوردیگر شعبوں میں بہتری لانے کیلئے عالمی بینک کی ٹیم کے ساتھ ملکر کام کریں گے اوران کے تجربات اورمہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں تیزرفتار معاشی ترقی کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور آئندہ چاربرسوں کیلئے مقررکردہ8فیصد شرح نمو کے حصول کیلئے تیزرفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔

معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے اورصوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ای گورنمنٹ کے قیام کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،جنہیں ہنر مند بنا کرقومی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے ۔نوجوان سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے ملک کی تعمیروترقی میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں ۔

صنعتی اورمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کرروزگار کی فراہمی ایک چیلنج ہے جسے موقعے میں بدل رہے ہیں ۔ٹیوٹا اور وکیشنل ایجوکیشنل ٹریننگ کے اداروں کی تنظیم نو اوراستعداد کاربڑھانے کی ضرورت ہے ۔نوجوانوں کومختلف ہنر سیکھانے کیلئے عمارتوں اوراساتذہ کے حصول پر وقت ضائع کرنے کی بجائے کمپنیوں کی خدمات حاصل کر کے ہنر مند افرادی قوت تیزی سے تیار کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اکنامک گروتھ میں اضافے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ ٹیکس وصولی کے نظام کو آٹو میشن کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پائیدار معاشی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں اورمعیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے ۔پنجاب حکومت نے سالانہ10لاکھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا ہدف مقررکیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔صوبے میں سادگی اورکرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔ تمام ترقیاتی منصوبے نہایت شفاف طریقے سے برق رفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وسائل پر پہلا حق عوام کا ہے اورصوبے کے تمام وسائل عوام کی فلاح پر ہی صرف کیے جارہے ہیں ۔کرپٹ اہلکاروں عوام کی خدمت سے پہلوتہی برتنے اورفرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنیوالوں کی صوبے میں کوئی گنجائش نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھی ٹھوس اورموثر اقدامات کیے گئے ہیں ۔بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ سربراہ عالمی بینک مشنونسینٹ پلمیڈنے کہاکہعالمی بینک پنجاب حکومت کے ساتھ ملکراصلاحاتی پروگرام کو تیزرفتاری سے آگے بڑھائے گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں صوبے کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان،چوہدری شیر علی خان،فرخ جاوید،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاورترقیاتی اداروں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔