Live Updates

عمران خان 30 نومبر کو شوق سے سیاسی جلسہ کریں مگر حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی ‘حمزہ شہباز شریف ،

سیاسی لوگ پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر دھاوا نہیں بولتے ، عمران خان کا خون کی ہولی والا منصوبہ ناکام ہو گیا کراچی تا لاہور 6لینوں والا موٹر وے کا منصوبہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کا کام کرے گا ‘رکن قومی اسمبلی

جمعرات 27 نومبر 2014 20:07

عمران خان 30 نومبر کو شوق سے سیاسی جلسہ کریں مگر حکومت آہنی ہاتھوں سے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان 30 نومبر کو شوق سے سیاسی جلسہ کریں مگر حکومت سرکاری املاک پر حملہ کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی ،عمران خان اگلے 90 دن بھی کنٹینر پر گزار دیں ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں ہماری حکومت بجلی کے منصوبے مکمل کر کے معیشت کی بحالی کے مشن پر کام جاری رکھے گی ۔

ان خیالات کا اظہار نے وزیر آباد میں سیلاب کے دوران مویشیوں سے محروم ہو جانے والے افراد میں حکومت پنجاب کی جانب سے متبادل مویشی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے میں مقامی انتظامیہ اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی ۔حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ سیلاب زدگان کے نقصان کا ازالہ نقدادائیگی اور متبادل مویشیوں کی فراہمی کے ذریعے اس قدر مستعدی سے کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب زدگان کی مدد کر کے ان پر احسان نہیں کیا بلکہ اپنافرض ادا کیا ہے ۔ حکومت اسی سال سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی و مرمت کا کام بھی مکمل کر لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھرنا سازش کے ذریعے چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ کرایا اور ملک کا نقصان کیا مگر چین ہمارا مخلص دوست ہے ۔ چینی قیادت نے خود وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے ہاں بلا کر بجلی کے پیداواری منصوبوں کے معاہدے کئے ۔

چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں کوئلے کے ذریعے سستی ترین بجلی پیدا کریں گے اور کاشگر تا گوادر اقتصادی راہ داری قائم کر کے پاکستان کی قسمت بدل دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی تا لاہور 6لینوں والا موٹر وے کا منصوبہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کا کام کرے گا ۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ قوم نے عمران خاں کی لاہور سے شروع کی جانے والی سازش کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے ۔

سیاسی لوگ پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر دھاوا نہیں بولتے ، عمران خان کا خون کی ہولی والا منصوبہ ناکام ہو گیا-عمران خاں دھرنوں اور بہتان بازی میں مصروف رہیں ہم بجلی کے منصوبے مکمل کر کے معیشت کی بحالی کا مشن پورا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئے مگر ان کا بے حس وزیر اعلی پرویز خٹک کنٹینر پر چڑھ کر رقص کرتا رہا- انہوں نے کہا کہ سیلاب نے عوام کو بے بسی کی تصویر بنا دیا مگر کنٹینر والوں نے نیچے اتر کر مصیبت زدہ لوگوں کی مددکرنا بھی گوارا نہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ محض ایک لاکھ روپے ٹیکس دینے والاشخص جہاز اور بلٹ پروف گاڑیوں میں کس طرح پورے پاکستان میں گھوم رہا ہے ۔پنجاب حکومت نے تعلیم کے بجٹ کا 80 فیصد خرچ کیا مگر کے پی کے حکومت صرف 20 فیصد خرچ کر سکی ۔دونوں حکومتوں کے درمیان یہی فرق ہے۔عمران خان کہتے تھے کہ وہ کے پی کے میں بچیوں کے سکولوں کی تعداد دوگنا کر دیں گے مگر پونے دو سال میں صرف ایک سکول ہی بنا سکے ۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ جہانگیر ترین نے مشرف دور میں 24 ارب روپے کا قرضہ معاف کرایا اب وہ عمران خان کے جھوٹ کے پیچھے چھپ نہیں سکتے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے اپنے ارد گرد ان لوگوں کو بھی دیکھیں جو راتوں رات امیر ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھی ساہیوال کے ایک ایم این اے ڈیڑھ ارب روپے کے ڈیفالٹر ہیں انہیں بھی جلد بے نقاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھی خود چالیس چالیس گاڑیوں کا پروٹوکول لیتے ہیں ،عمران اخلاقیات کی دھجیاں اڑانے سے پہلے اپنے گریبان میں بھی جھانکیں ۔خیبر پختونخوا کے لوگ عمران خان کی شکل تک بھول چکے ہیں، میرا عمران خان کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ کنٹینر سے اتر کر اپنے صوبے میں جائیں اور عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کریں وہ خود بھی کام کریں اور ہمیں بھی کام کرنے دیں اس طرح پاکستان مضبوط اور باوقار ملک بن جائے گا۔ مویشیوں کی تقسیم کی تقریب میں53 متاثرین سیلاب میں تقریباً 400 جانور تقسیم کئے گئے ۔جن میں سے 270 بڑے جانور یعنی گائے ،بھینسیں اور 126 چھوٹے جانور یعنی بھیڑ ،بکریاں شامل تھیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات