بلاول بھٹوکا 30نومبر کو لاہور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد ہ جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ ،30 نومبر کی تقریبات میں سنٹرل اورجنوبی پنجاب سے مندوبین شریک ہونگے ،2 دسمبر کو سندھ، بلوچستان، کے پی کے، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مندوبین بلاول ہاؤس لاہور میں یوم تاسیس کی تقریبات میں شریک ہونگے، آصف زرداری صدارت کریں گے ‘ منظور وٹو

جمعرات 27 نومبر 2014 20:02

بلاول بھٹوکا 30نومبر کو لاہور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 30نومبر کو لاہور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد ہ جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کی صدارت شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کریں گے ۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے آرگنائزنگ کمیٹیز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہاں بتایا کہ حسب پروگرام 30 نومبر کو یوم تاسیس کی تقریبات میں سنٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب سے مندوبین شریک ہونگے جبکہ 2 دسمبر کو صوبہ سندھ، بلوچستان، کے پی کے، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مندوبین بلاول ہاؤس لاہور میں یوم تاسیس کی تقریبات میں شریک ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ان دنوں کی یوم تاسیس کی تقریبات کی صدارت سابق صدر اور کوچےئرمین آصف علی زرداری کریں گے۔

(جاری ہے)

چےئرمین بلاول بھٹو بعض وجوہات کی بناء پر یوم تاسیس کی تقریبات میں شریک نہیں ہو سکیں گے لیکن وہ بعد میں لاہور تشریف لائیں گے اور یہاں اپنے لمبے قیام کے دوران سیاست کریں گے اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔اس اجلاس میں بتایا گیا کہ سار ے شہر لاہور کو شایان شان طریقے سے ہورڈنگز ، سٹیمرز ، بینرز، فلیکسز اور پارٹی کے جھنڈوں کے ساتھ سجایا جا رہا ہے ، جس سے شہر لاہور پیپلزپارٹی کا شہر نظر آئے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پارٹی کے جھنڈے ، فلیکسز، سٹیمرز، ہورڈنگز وغیرہ مال روڈ سے بحریہ ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ ، سکیم موڑ،بابو سابو لاہور کے اوور ہیڈ بریجز، انڈر پاسز، جی ٹی روڈ ، جسمیں بھگوان پورہ، مغلپورہ، داروغہ والا، ہربنس پورہ، فیصل ٹاؤن چوک، جناح ہسپتال، ایف سی کالج، لاہور پریس کلب، ڈیوس روڈ اور دوسرے تمام علاقے شامل ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پارٹی کے عہدیدارن اپنے طور پر بھی اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کے جھنڈے، بینرز، اور ہورڈنگز لگائیں گے۔میڈیا کمیٹی نے یوم تاسیس کی کوریج کو موثر بنانے کے لیے انتظامات کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔جسمیں یہ بتایا گیا کہ ساتھیوں کے لیے ایک علیحدہ کیمپ ہو گا جسمیں ان کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی بتایا گیا کہ ایک شٹل سروس بلاول ہاؤس سے لاہور پریس کلب کے درمیان چلائی جائے گی تاکہ صحافی باآسانی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہو سکیں۔اجلاس میں جن عہدیداران نے شرکت کی ، ان میں سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ، حاجی عزیزالرحمن چن، نواب شیر وسیر، غلام فرید کاٹھیا، سہیل ملک، آصف ناگرہ، فائزہ ملک (ایم پی اے)، میاں عبدالوحید، چوہدری اعجاز، رانا گل ناصر، منظور مانیکا، عابد صدیقی، مولانا یوسف اعوان، ناصر جاوید، راجہ عامر، چوہدری اسلم گل، ڈاکٹر خیام، افنان بٹ، عبدالقادر شاہین اور ناصر جاوید شامل تھے۔