Live Updates

تحریک انصاف کی امریکی ڈرون حملوں کی مذمت

جمعرات 27 نومبر 2014 19:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے پاکستان کی حدود میں امریکی ڈرون حملوں کے تسلسل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ میں حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی معاونت سے قبائلی علاقوں میں افواج پاکستان کی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کی موجودگی میں کون امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں کی اجازت دیے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرحد کے اندر امریکی حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے مطابق قبائلی علاقوں میں امریکی حملے علاقے میں افواج پاکستان کے آپریشن کیلئے انتہائی مہلک ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کاررووائی پر سنجیدہ سوالات کو جنم دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں دفتر خارجہ کے طرز عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے امریکی ڈرون حملے رکوانے کیلئے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا جبکہ دفتر خارجہ معاملے پر محض بیان بازی کے ذریعے معاملات چلانے میں مصروف ہے۔

بعد ازاں ڈاکٹر شیریں مزاری نے باجوڑ سے بچیوں کے اغواء اور کراچی منتقلی کو حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے براہ راست وفاقی حکومت کی زیر نگرانی ہیں اور حکومت کی نااہلی اور ناقص انتظامی پالیسیوں کا شکار ہے۔ معصوم قبائلی بچیوں کے اغواء کی اطلاعات کو انتہائی شرمناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما نے معاملے پر وفاقی حکومت کی خاموشی کی بھی شدید مذمت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات