دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے سکیورٹی اداروں خصوصاً پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،چوہدری نثار علی خان ،

قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے ۔پولیس افسران کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ پاکستان اس وقت نہایت مشکل اور گھمبیر صورتحال سے دو چار ہے ،عوام کے جان ومال کا تحفظ اور امن وامان کو یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے،پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب

جمعرات 27 نومبر 2014 19:54

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے سکیورٹی اداروں خصوصاً پولیس کے جوانوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں اور قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کے چالیسویں بیچ کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ پاکستان اس وقت نہایت مشکل اور گھمبیر صورتحال سے دو چار ہے عوام کے جان ومال کا تحفظ اور امن وامان کو یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولیس فورس نے محدود وسائل اور ٹریننگ کے مواقع نہ ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اپنے نادیدہ دشمن کا مقابلہ پولیس فورس نے ہمیشہ بہادری کے ساتھ کیا ہے اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے مگر ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں شامل ہونے والے افسران اپنے آپ کو عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم سمجھیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی مظلوم کی حمایت اور ظالم کاراستہ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرے میں جہاں پر سچ اور جھوٹ جائز اور ناجائز حلال اور حرام میں تمیز ختم ہوچکی ہو میں پولیس افسران فرق کو واضح کرنے کیلئے کام کریں اور جو ذمہ داری آپ لوگوں کوملی ہے اس کے بارے میں روز قیامت کے دن جوابدہی ہوگی