احتجاجی دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے،اسحاق ڈار،زرمبادلہ کے ذخائر نہ بڑھ سکے، روپے کی قیمت میں کمی سے 200ارب کانقصان ہوا،اسمبلی کو تحریری جواب،وفاقی حکومت مردم شماری کے لیے تیار ہے فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل نے کرنا ہے،رانا افضل

جمعرات 27 نومبر 2014 19:45

احتجاجی دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے،اسحاق ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ہے احتجاجی دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔دھرنوں کے سبب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اضافی ساڑھے 64کروڑروپے فراہم کیے گئے۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تحریری طور پر قومی اسمبلی کو بتایا کہ دھرنوں کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر نہ بڑھ سکے، روپے کی قیمت میں کمی سے 200ارب کانقصان ہوا۔

غیرملکی سرمایہ کاری میں 8.2فیصد کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضل نے کہا کہ دھرنوں سے ہونے والے نقصانات کا مکمل تخمینہ نہیں لگایا جا سکتا اس کے قلیل مدتی ہی نہیں طویل مدتی نقصانات بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنا سیاست ختم ہوگی تو ملکی معیشت تیزی سے ترقی کرے گی۔پارلیمنٹ دھرنوں کے خلاف کھڑی نہ ہوتی تو معیشت تباہ ہوجاتی، انہوں نے کہا کہ معیشت مستحکم ہونے کے بعد شرح سود میں کمی ہوگی۔رانا افضل نے کہا کہ وفاقی حکومت مردم شماری کے لیے تیار ہے فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل نے کرنا ہے۔ تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے بعد مردم شماری کی تاریخ کا تعین ہوگا، مردم شماری کے لیے 13ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔مردم شماری کے لیے فوج سے بھی مدد لیں گے ۔