مادر پرستانہ طرز علم اور مشرقی علوم و فنون سے بے اعتنائی افسوسناک ہے، ڈاکٹر مجاہد کامران

جمعرات 27 نومبر 2014 19:44

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ ہم دورِ جدید کے نام نہاد تقاضوں کی آڑ میں مشرقی علوم و فنون خصوصاََ شعر و ادب سے بے اعتنائی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور انہیں پس ماندہ خیال کرتے ہوئے اجتناب کرتے ہیں خالص مادہ پرستانہ طرز علم حد درجہ افسوسناک ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کلیہ علوم شرقیہ کے ایک سو چوالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد کئے گئے جلسہ عطائے اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد، ڈاکٹر معین نظامی، ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا، ڈاکٹر محمد کامران، ڈاکٹر نصرت یاسمین نثار ،پروفیسر خالق داد فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ بلا شبہ یہ مشرقی علوم و فنون ہی ہیں جنہوں نے مغرب کے علم و فن کومستحکم بنیادیں فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مشرقی زبان و ادب سے وابستہ افراد کو ان کا جائز مقام نہیں دیا جاتا۔ ماضی میں اورینٹل کالج کو بھی وہ اہمیت نہیں دی گئی جو دی جانی چاہئیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نے اورینٹل کالج کی سرپرستی کی اور یہاں تحقیقی و تخلیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جس کے باعث کالج کے اساتذہ کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور مثبت تبدیلیاں رونماہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کا علمی سفر ختم نہیں ہوا انھیں مزید علم کے حصول کی کوشش جاری رکھنی چاہئے اوراپنے آپ کو ایک زبان و ادب تک محدود نہ رکھیں بلکہ دوسری زبانوں سے علوم سے بھی استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات اپنی شخصیت سازی پر بھی توجہ دیں تاکہ اچھے انسان اور مفید شہری بن سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد نے کہا کہ اورینٹل کالج کا پہلا جلسہ عطائے اسناد تاریخ کا ایک نیا باب ہے۔

کانوکیشن میں 7 ایم فل اور 159 ایم اے کی ڈگریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اورینٹل کالج لائبریری کی کمپیوٹرائزیشن اور ایک لاکھ میں سے 90 ہزار آن لائن ہوچکی ہیں۔ اورینٹل کالج میگزین اور مجلہ تحقیق کے علاوہ شعبہ عربی ، فارسی، اردو، پنجابی اور کشمیریات سے باقاعدہ تحقیقی مجلات کے اجرا، اساتذہ کی کتب کی اشاعت، بین الاقوامی کانفرنسز، سیمینارز، مشاعرے ، مذاکرے،بیرونی ممالک کی کانفرنسز میں اساتذہ کی شرکت وغیرہ کے لئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کے تعاون کے مشکور ہیں۔