الطاف حسین کی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام پر یونیورسٹی بنائیں گے : ملک ریاض

جمعرات 27 نومبر 2014 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27نومبر۔2014ء) گورنر سندھ سید عشرت العباد اور بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض نے مشترکہ طور پر پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے نام پر یونیورسٹی بنائیں گے۔بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی اپنی قوم کے لیے بہت خدمات ہیں اور ہم ان کا اعتراف کرتے ہوئے الطاف حسین کے نام کی عالمی سطح کی یونیورسٹیاں قائم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی فیس سرکاری اداروں سے بھی کم ہو گی اور نہ صرف کراچی بلکہ حیدرآباد میں بھی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پہلی یونیورسٹی کراچی میں قائم ہو گی اور اس سلسلے میں اگلے ماہ کام شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ملک ریاض نے ایم کیو ایم کے شہید ہونے والے کارکنان کو بحریہ ٹاﺅن میں پلاٹ بھی دینے کا اعلان کیا۔

ہاکی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب ہماری ٹیم کا لوہا پوری دنیا میں مانا جاتا تھا۔انہوں نے ہاکی ٹیم کو 50 لاکھ روپے اعام کے طور پر دیا جبکہ یہ اعلان بھی کیا کہ اگر ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی جیتے گی تو ٹیم کو ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ان کے علاوہ گورنر سندھ عشرت العباد نے بھی ہاکی ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔