کوئٹہ‘ 6 افراد کی ہلاکت اور ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف بی این پی اور عمرانی قبیلے کے عمائدین کا احتجاجی مظاہرہ ‘ وزیراعلی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کریں،

بی این پی کے مرکزی رہنماء غلام نبی مری ، شمس رند ایڈووکیٹ اوراحمد عمرانی و دیگر کا مظاہرین سے خطاب

جمعرات 27 نومبر 2014 18:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) عمرانی قبیلے کے 6 افراد کی ہلاکت اور اب تک ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی اور عمرانی قبیلے کے عمائدین نے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جس پر ملزمان کی گرفتاری کے نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام نبی مری ، شمس رند ایڈووکیٹ اور مقتول خاندان کے منیر احمد عمرانی نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 11 نومبر کو سبی کے مٹھڑی چیک پوسٹ کے قریب لیویز فورس کی موجودگی میں مسلح افراد نے لوکل گورنمنٹ آفیسر معراج احمد عمرانی ، اس کے 3 بچوں اور 2 بھتیجوں سمیت 6 افراد کو دن دیہاڑے قتل کیا اور واقعہ میں 4 افراد بھی زخمی ہوئے ، واقعہ کے وقت لیویز اہلکار صرف ایک کلو میٹر کے فاصلے پر تھے لیکن وہ تماشائی کاکردار ادا کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

ملزمان سرعام واردات کرکے فرار ہوگئے اور لیویز نے کوئی کاروائی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد پہلے بھی حکومت کو سنگین مقدمات کے کیسوں میں مطلوب ہیں لیکن اب تک ان کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ۔ ملزمان کے گھر اور ٹھکانے سب کو پتہ ہے جو کہ نصیرآباد ہیڈ کوارٹر سے صرف 3 کلو میٹر کے فاصلے پر نیشنل ہائی وے پر رہتے ہیں وزیراعلیٰ جو اپنے آپ کو قوم پرست بھی کہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ واقعہ کا نوٹس لیں اور ملزمان کو گرفتار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی عدم گرفتاری کے باعث لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔