کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر حملے کے بعد کریک ڈاؤن ‘34 مشتبہ افراد گرفتار ‘اسلحہ برآمد کرلیا گیا

جمعرات 27 نومبر 2014 18:42

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) کوئٹہ میں حفاظتی ٹیکہ جات کی ٹیم پر حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 34 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ملاخیل آباد میں ایف سی ، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 34 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 3 عدد پستول ، ایک کلاشنکوف اور راؤنڈ برآمد کرلئے ۔ واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقے مینگل ٹاؤن کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے حفاظتی ٹیکہ جات کی ٹیم پر حملہ کرکے 3 خواتین سمیت 4 رضا کاروں کو قتل جبکہ 3 کو زخمی کردیا تھا ۔