خطیب جامع مسجد پارا چنار علامہ محمد نواز عرفانی کی اسلام آباد میں ٹارگٹ کلنگ ، پارا چنار میں قبائل کا چالیس روز سوگ اور تعلیم یادارے اور بازار3روز تک بند رکھنے کا اعلان ، مجلس علمائے اہلبیت کرم ایجنسی کی قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن

جمعرات 27 نومبر 2014 18:35

پارا چنار (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) خطیب جامع مسجد پارا چنار علامہ محمد نواز عرفانی کی اسلام آباد میں ٹارگٹ کلنگ ، پارا چنار میں قبائل نے چالیس روز سوگ اور تعلیم یادارے اور بازار3روز تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا، مجلس علمائے اہلبیت کرم ایجنسی نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ خطیب جامع مسجد پارا چنار علامہ محمد نواز عرفانی کو گزشتہ شام اسلام آباد میں نا معلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا، اس افسوسناک واقعے پر پارا چنار میں انجمن حسینیہ، قبائلی عمائدین اور علماء نے چالیس روز تک سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین روز تک تمام تعلیمی و کاروباری ادارے اور بازاریں بند رکھے جائیں گے۔

جمعرات کو بھی تمام بازار اور تعلیمی ادارے بند رہے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر لوگوں کا جم غفیر مرکزی امام بارگاہ میں جمع ہو گئے۔ پارا چنار میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس علماء اہلبیت کرم ایجنسی کے رہنماؤں علامہ صفدر علی شاہ نقوی، علامہ باقر حیدری، علامہ احمد روحانی و دیگر علماء نے علامہ محمد نواز عرفانی کی ٹارگٹ کلنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ علماء نے اعلان کیا کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں احتجاجی تحریک اور بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی۔