پرامن اور روشن پاکستان کامستقبل قبائل اور قبائلی علاقہ جات کے مستقبل سے وابستہ ہے،سردارمہتاب،

پاکستان کے بہادر قبائل جتنے ترقی یافتہ اور خوشحال ہوں گے پاکستان اتنا ہی ترقی یافتہ اور خوشحال ہوگا، دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے اورپائیدار امن کے قیام اور سرزمین پاکستان کے تحفظ کیلئے قبائلی عوام اورپوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 27 نومبر 2014 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے گورنرسردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ پرامن اور روشن پاکستان کامستقبل قبائل اور قبائلی علاقہ جات کے مستقبل سے وابستہ ہے اور پاکستان کے بہادر قبائل جتنے ترقی یافتہ اور خوشحال ہوں گے پاکستان اتنا ہی ترقی یافتہ اور خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی امن واستحکام کی خاطر ہماری بہادر افواج ، سیکورٹی ادارے اور محب وطن قبائل نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جسے ہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے اورپائیدار امن کے قیام اور سرزمین پاکستان کے تحفظ کیلئے قبائلی عوام اورپوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی اندرونی یا بیرونی شرپسند کو محب وطن قبائل اپنے اتحاد کے ذریعے نیست ونابود کردیں گے کیونکہ مادرو طن کے دفاع میں بہادر قبائلی عوام حکومت اور بہادر افواج کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہاکہ فاٹامیں امن کی بحالی کے بعد متاثرین کی باعزت اور مکمل واپسی ،بحالی اور تعمیرنو اور اس خطے کی معاشی حالت کی بہتری کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس خطے کے بہترمستقبل کیلئے قبائلی علاقوں سے بدامنی اوردہشت گردی کی مکمل بیخ کنی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین کی آباد کاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ خطہ بھی باقی علاقوں کی طرح خوشحال اور ترقی یافتہ ہوگا۔

گورنرنے مزید کہاکہ پاکستان خصوصاً صوبے اور فاٹا میں پولیو جیسے مہلک مرض سے بچاؤ کیلئے تمام تراقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد مملکت خداداد پولیوفری اسٹیٹ ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے 44 ویں پی ۔این ان لینڈسٹڈی ٹور سٹاف کورس کے شرکاء کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کیاجنہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں خیبرپختونخوا کے گورنر سردارمہتاب احمدخان سے ملاقات کی۔

اعلی سول وملٹری افسران پرمشتمل کورس کے ان شرکاء کے ہمراہ کمانڈنٹ رئیرایڈمرل عبدالعلیم (ستارہ امتیاز ملٹری) اور کمانڈر ڈاکٹرنعیم طارق اوردیگر اعلی فیکلٹی اراکین بھی موجودتھے ۔ گورنرنے کہاکہ پاکستان کے اس حصے خاص طور پرفاٹا میں گذشتہ ایک دھائی سے پیچیدہ نوعیت کے حالات کا سامناہے اور اس نتیجے میں عوام کودرپیش مسائل کی صورتحال بھی پیچیدہ اورمشکل نوعیت کی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ متاثرین کی بحالی اورواپسی بہت بڑاچیلنج ہے اور حکومت متاثرین کی باعزت بحالی میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دے گی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں متاثرین کی باعزت بحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کے خصوصی ہدایت کے مطابق متاثرین کی باعزت بحالی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے اپنا گھر بارچھوڑکر ملک وقوم اورانسانیت کیلئے جو عظیم قربانیاں دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضاہے کہ خاص طور پر فاٹا اور اس خطے کے مستقبل اورضروریات کی سمت کا ادراک کیاجائے اور طویل المعیاد بنیادوں پر وسائل کی فراہمی کا اہتمام کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹامیں قانون کی حکمرانی وسائل کافعال وموثراستعمال اور سرکاری شعبے کے اداروں ، خصوصاٌ تعلیم وصحت کے شعبوں کی کارکردگی یقینی بنانے کیلئے موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات طویل المدتی نوعیت کے متقاضی اقدامات ہیں اور اس سمت میں موثرکوششیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کے بہترمستقبل کیلئے قبائلی عوام کی رضا مندی سے اصلاحات عمل میں لائی جارہی ہیں۔دریں اثناء کورس کے شرکاء کو فاٹامیں امن وامان کی صورتحال اور علاقے میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے حکمت عملی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :