حکومت پنجاب یونیسف کے تعاون سے بچوں کو معاشی، تجارتی و جنسی استحصال سے بچانے کیلئے بھرپورجدوجہد کررہی ہے‘ راجہ اشفاق سرور

بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے، وزیر محنت پنجاب کا یونیسف کے زیر اہتمام بچوں کے حقوق کے تحفظ بارے کنونشن کی سلور جوبلی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب

جمعرات 27 نومبر 2014 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب یونیسف کے زیر اہتمام بچوں کے حقوق کے تحفظ بارے عالمی معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے انہیں معاشی ، تجارتی و جنسی استحصال سے بچانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے آجر ، اجیر، این جی اوز، سول سوسائٹی اور دیگر سٹیک ہولڈرزکے تعاون سے مشترکہ جدوجہد کررہی ہے، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی طرف سے بچوں کو جبری مشقت سے بچانے کے لیے 5.5بلین روپے کا مالی وسائل کے حوالے سے خطیر منصوبہ ایشیاء بھر میں اپنی مثال آپ ہے جس سے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بحالی پروگرام کی تکمیل میں مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ با ت جمعرات کے روز محکمہ لیبر و انسانی وسائل اور یونیسف کے زیر اہتمام”اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے تحفظ بارے کنونشن کی سلور جوبلی “کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی پاکستان میں نمائندہ شگفتہ بھٹی، سیکرٹری لیبر فرحان عزیز خواجہ، کمشنر سوشل سکیورٹی عشرت علی، ڈی جی لیبر ویلفیئر سلیم حسین، جنرل سیکرٹری وویمن ورکرز ایسوسی ایشن شائستہ کوثر، ڈپٹی ڈائریکٹر ملت ٹریکٹر ، صنعت کاروں، مزدوروں و ایمپلائرز تنظیموں کے عہدیداران نے سیمینار سے خطاب کیا اور بچوں کے حقوق اور انہیں جبرواستحصال سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کے اس کنونشن کی افادیت اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے گروہی ، سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر انہیں صحت ، تعلیم اور روزگار جیسی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی قوانین پر عملدرآمد ، نوجوانوں ہنر مند بنانے کے لیے ٹیکنیکل تعاون اور فنی تربیت کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب2لاکھ 57ہزار مزدور بچوں کو نان فارمل ایجوکیشن سے رسمی تعلیم کی طرف لانے ، ایک لاکھ 18ہزار بالغ مزدوروں کو سکلز ٹریننگ ،روزگار کی فراہمی ، سوشل سکیورٹی سہولیات ، مائیکرو کریڈٹ قرضہ جات اور شناختی کارڈ جیسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے سے وابستہ مزدوروں کے بچوں اور ڈومیسٹک ورکرز کو بھی تعلیم ،صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مزدوربچوں کی فلاح بہبود حکومت پنجاب کی لیبر پالیسی محرک ہے۔ کیونکہ 18ویں ترمیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت پنجاب اپنی لیبر پالیسی پیش کرنے جارہی ہے۔ اقوام متحدہ کی نمائندہ شگفتہ بھٹی نے کہا کہ یونسیف تکنیکی اور معاشی تعاون کے ذریعے بچوں کے حقوق کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ کوشاں اور تمام سٹیک ہولڈرز مشترکہ لائحہ عمل کے لیے شاندار پلیٹ فارم فراہم کررہاہے۔