عمرہ زائرین کے لیے مسجد حرام کے تمام125دروزے کھل گئے

جمعرات 27 نومبر 2014 18:01

عمرہ زائرین کے لیے مسجد حرام کے تمام125دروزے کھل گئے

مکہ المکرمہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء)سعودی عرب میں الحرمین الشریفین کی مجلس انتظامی نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مسجد حرام کے 125 دروازے کھول دیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا بھر سے ادائیگی عمرہ کے لیے آمد کا آغاز 23 نومبر سے شروع ہوا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر مسجد حرام کے تمام دروازے کھولے گئے ہیں تاکہ انہیں مناسک عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مسجد حرام میں زیادہ وقت کے لیے عبادات کا موقع مل سکے۔

ان 125 دروازوں پر 475 کی تعداد میں دربان تعینات ہوں گے۔ جن میں مرد دربانوں کے علاوہ خواتین اہلکار بھی شامل ہوں گی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد کسی کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہ ہو گی۔ مسجد کے دروازوں پر ڈیجیٹل لائیٹس کا اہتمام کیا گیا ہے جن کی مدد سے مسجد میں داخلے کے اوقات اور مسجد میں جگہ کے ہونے یا نہ ہونے کی نشان دہی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مسجد کے اندر مزید گنجائش ہونے کی صورت میں دروازوں پر سبز روشنیاں جلیں گی۔

بصورت دیگر سرخ روشنیاں نمایاں ہو جائیں گی کہ اب مسجد میں جگہ نہیں ہے اس لیے اندر داخل ہونے کی کوشش نہ کی جائے تاکہ بھگڈر سے بچا جا سکے۔واضح رہے مسجد حرام کے بیشتر دروازوں کو توسیعی پروگرام کے تحت تعمیرات کے باعث بند کیا گیا تھا۔مسجد کے جن سولہ دروازوں کے ساتھ برقی سیڑھیاں نصب کی گئی ہیں۔ ان میں باب فہد، باب قریش، باب الصفا، باب المروہ، باب السلام، باب ارقم اور باب مراد وغیرہ شامل ہیں۔