نوجوان ملک کے مستقبل کے معمار ہیں ۔صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ ملک کے مستقبل کو درخشاں بنانے کے لئے اپنی بھرپور توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں، اسد قیصر

جمعرات 27 نومبر 2014 17:51

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کے مستقبل کے معمار ہیں ۔صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ ملک کے مستقبل کو درخشاں بنانے کے لئے اپنی بھرپور توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور یونیورسٹی میں قائم صوابی سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے پشاور میں منعقدہ کلچرل پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہوتے ہیں جن میں پارٹی سیاست سے بالا ہوکر کوئی اپنی شرکت یقینی بناتا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم میں ہر کوئی اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کرکے علاقے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ صوابی کی زمین بڑی ذرخیز ہے جس نے کئی ایسے سپوت پیدا کئے جن کی پہچان ملکی ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک کی سطح پر ہوئی ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ طلباء کو اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کرنے چاہیے تاکہ مستقبل میں وہ اپنے ملک و قوم کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے سکیں انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں میڈیکل کالج، خواتین یونیورسٹی کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت ، ذرائع مواصلات اور سپورٹس کے شعبوں میں کئی میگا پراجیکٹس جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے جس کے باعث علاقہ میں خوشحالی آئے گی انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ میں نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کے لئے کچھ نہ کچھ کروں صوابی میں جدید سپورٹس کمپلیکس سمیت ہر یونین کونسل میں اسٹیڈیم بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تحصیل ٹوپی میں جدید پارک تعمیر کیاجارہا ہے جس سے عوام کو ایک بہتر تفریح میسر ہوسکے گی انہوں نے کہا کہ محنت و جدوجہد انسان کو کامیابیاں دلانے کا باعث بنتی ہیں آج میرا اس مقام پر پہنچنے کے پیچھے جہد مسلسل کا تمام تر عمل دخل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طلباء نے ہی ملک کے مستقبل کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے لہٰذا وہ سخت محنت اور مسلسل جدوجہد کریں تاکہ ملک کو ترقی یافتہ ممالک کے صف میں کھڑا کرنے میں وہ اہم کردار ادا کرسکیں انہوں نے کہا مجھے ذاتی طور پر اپنے نوجوانوں پر بہت فخر ہے اور ان ے بہت سے امید یں وابستہ ہیں جو انشاء اللہ ضرور پوری ہونگی۔

متعلقہ عنوان :