فرنٹئیر کور بلوچستان کی56ویں بیج کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ

جمعرات 27 نومبر 2014 17:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) فرنٹےئر کور بلوچستان کی56ویں بیج کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ ٹریننگ سنٹر لورالائی میں منعقد ہوئی۔پریڈ میں تربیت مکمل کر نے والے 2500جوانوں نے حصہ لیا۔مہمان خصوصی جناب وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پریڈ گراوٴنڈ پہنچے تو ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے ملک سے وفاداری کا حلف اُٹھاتے ہوئے مادر وطن کی سرحدوں کی دفاع اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن اور محنت سے ادا کرنے کا عہد کیا۔مہمان خصوصی نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔بہترین مجموعی کارکردگی کا اعزاز ریکروٹ صغیر احمد نے حاصل کیا۔

(جاری ہے)

بہترین چیمپےئن کمپنی کا اعزاز عزیز بھٹی کمپنی کو دیا گیا۔

ٹریننگ سنٹر لورالائی کے چیف انسٹرکٹر لیفٹیننٹ کرنل احسن جہانگیر نے تربیت کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل فرنٹےئر کورمیجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے کہا کہ فرنٹےئر کور بلوچستان نہ صرف افغانستان اور ایران سے ملنے والی سرحدوں کی نگہبان ہے بلکہ صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبودکیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکول آف فرنٹےئر کور اینڈ ٹریننگ سنٹر گزشتہ 40برس سے فرنٹےئر کور کے جوانوں کی بنیادی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے حصول میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔اس ادارے کے تربیت یافتہ افراد آج فرنٹےئر کور کا حصہ بن کر انتہائی کٹھن حالات اور دشوار گزار علاقوں میں اپنے فرائض انتہائی لگن اور جانفشانی کے ساتھ ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے آخر میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ قوم کی توقعات پر پورا اُتریں گے اور محنت،ہمت اور جذبے سے اپنی تمام ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کریں گے۔مہمان خصوصی جناب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پریڈ کے بلند معیار کی تعریف کی اور یقین ظاہر کیا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوان فرنٹےئر کوربلوچستان کی روشن روایات کو برقرار رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹےئر کورکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اس لیے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوان فرنٹےئر کور میں شمولیت اختیار کرکے قومی یکجہتی اور دفاع وطن کی ذمہ داری میں اپنا کردار اداکریں۔تقریب کے آخر میں مارچ پاسٹ ہوا مہمان خصوصی نے سلامی لی ۔تقریب میں قبائلی عمائدین ،معتبرین ،اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے والدین کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :