Live Updates

عمران خان نے فتنہ فساد کا راستہ چھوڑ کر عدالتی راہ اختیار کی ، ان کے رویے میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہیں ، امید ہے اب وہ یوٹرن نہیں لیں گے ، ہم نے الزامات کی سیاست ترک کردی ، عمران خان پر الزام لگتا ہے تو وہ طیش میں آجاتے ہیں ،ایشوز کی سیاست کریں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، عمران کے دائیں اور بائیں جاگیر دار ، سرمایہ دار اورگدی نشین کھڑے ہوتے ہیں ، اگر وہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر پھینکے گے تو ان کے گھر کے شیشے سلامت نہیں رہیں گے ،ہمارے قائد اپنے سفری اخراجات خود برداشت کرتے ہیں ، نذرانے وصول نہیں کرتے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 نومبر 2014 17:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے فتنہ فساد کا راستہ چھوڑ کر عدالتی راہ اختیار کی ، ان کے رویے میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہیں ، امید ہے اب وہ یوٹرن نہیں لیں گے ، ہم نے الزامات کی سیاست ترک کردی ، عمران خان پر الزام لگتا ہے تو وہ طیش میں آجاتے ہیں ، وہ ایشوز کی سیاست کریں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے ۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عام آدمی کی جماعت کے دعوے دار عمران کے دائیں اور بائیں جاگیر دار ، سرمایہ دار اورگدی نشین کھڑے ہوتے ہیں ، اگر وہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر پھینکے گے تو ان کے گھر کے شیشے بھی سلامت نہیں رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت میں متوسط طبقے کے لوگ ہیں اور ہمارے قائد اپنے سفری اخراجات خود برداشت کرتے ہیں ، نذرانے وصول نہیں کرتے ہیں ۔

عمران خان کے اخراجات لوگ اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خواتین میں تبدیلی چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں آئیں ، پاکستان میں آئین قانون کی حکمرانی ہے ، شکایات کا ازالہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فتنہ فساد کا راستہ چھوڑ کر عدالتی راستہ اختیار کیا اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ، امید ہے کہ اب وہ یوٹرن نہیں لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مجھ سے شکایات ہے کہ میں ان کی اچھائی بیان نہیں کرتا ، اب انہوں نے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان ایک تہذیب یافتہ ملک ہے اور قانون سے بالا تر کوئی نہیں وہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر الزامات لگاتے ہیں ، ان کو جواب نہیں دے سکتے تھے ۔

اب ان کے الزامات کے جواب دینے کا ہمیں عدالت میں موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء زبیر عمر نے کچھ حقائق بیان کیے تو عمران خان نے وہی باتیں کی جو سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بارے میں کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے بارے میں کہا گیا کہ ان میں 270 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو یاد دلانا چاہتاہوں کہ اپنی گفتگو خود سنا کریں اور توجہ دیا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نزدیک سرمایہ دار کھڑے ہوتے ہیں ، سینیٹر مشاہد اللہ اب کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں ، مسلم لیگ (ن) عام آدمی کی پارٹی ہے ،ہمارے قائد سفری اخراجات خود برداشت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کل آپ بھی اپنے ٹیکس ریٹرن فائل کے ساتھ آئیں اور میں بھی آؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی قوتوں پر عوام اعتماد کرتے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات