اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی اور سینیٹ کی نشست ختم کرانے کے حوالے سے آئینی درخواست دائر

جمعرات 27 نومبر 2014 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی اور سینیٹ کی نشست ختم کرانے کے حوالے سے آئینی درخواست دائرکر دی گئی ہے ۔ یہ درخواست فرخ نواز بھٹی نے ایڈووکیٹ جی ایم چوہدری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی ہے۔درخواست میں الیکشن کمیشن ،ڈی جی ایف آئی اے ،نیب اور وفاقی وزیر خزانہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں اپنا بیان حلفی جمع کرا چکے ہیں کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک پیسے بھیجے ہیں لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو احکامات جاری کئے جائیں کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ کی نشست خالی کی جائے اور ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی جائے کہ وہ اسحاق ڈار کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کی جائے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہاگیا ہے کہ اسحاق ڈار جو کہ مختلف کاروباری شخصیات کے ساتھ بطور چارٹر اکاؤنٹنٹ کام کر چکے ہیں اور انہوں نے منی لانڈرنگ میں مختلف شخصیات کو فائدہ پہنچایا ہے۔آئین کے 62 کے تحت وفاقی وزیر خزانہ عہدہ کے اہل نہیں ہیں ۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو منی لانڈرنگ کیس میں نااہل کیا جائے اور فوری طور پر انہیں بطور وفاقی وزیر خزانہ کام سے روکا جائے ۔درخواست کی باقاعدہ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ کرے گا