Live Updates

وزیراعظم نے سارک کانفرنس میں کہا کہ بھارت مذاکرات میں پہل کرے‘ سارک ممالک خطے میں غربت‘ جہالت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جنگ کریں‘ تحریک انصاف کے تیس نومبرکے دھرنے سے متعلق حکومت نے حکمت عملی طے کرلی‘ حالات بہتر نظر آرہے ہیں

وزیر دفاع خواجہ آصف کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 نومبر 2014 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے سارک سربراہی کانفرنس میں اپنے خطاب میں کہا ہے کہ بھارت نے مذاکرات کا سلسلہ ختم کیا تھااور پہل بھی وہ خود کرے‘ سارک ممالک خطے میں غربت‘ جہالت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جنگ کریں‘ تحریک انصاف کے تیس نومبر دھرنے سے متعلق حکومت نے حکمت عملی طے کرلی ‘ حالات بہتر نظر آرہے ہیں۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے دینے والے اپنے اہداف پورے کریں ۔حکومت اپنے معاشی اہداف پورے کرنے کے اقدامات کرتی رہے گی تیس نومبر کو کچھ بھی نہیں ہوگا حالات بہتر نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے میں چالیس سے پچاس لوگ ہوتے ہیں وہ فیس سیونگ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

میڈیا خالی کرسیاں بھی دکھایا کرے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے حکومت پر کوئی دباؤ نہیں۔ ہم نے پہلے بھی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا تھا اب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راستے بند نہیں کئے جارہے ہیں۔ راستے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لئے عوام کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی حکمت عملی طے کرلی ہے لیکن اس کو وقت سے پہلے بتانا مناسب نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات