مٹھی ، اسلام کوٹ میں غذائی قلت کا شکار 6ماہ کی بچی دم توڑ گئی، ایک دن میں مزید 5بچے جاں بحق

جمعرات 27 نومبر 2014 16:08

تھر پارکر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) مٹھی کے قریب اسلام کوٹ میں غذائی قلت کا شکار 6ماہ کی بچی دم توڑ گئی، تھر میں رقص کرتی موت نے ایک دن میں مزید 5 بچے جاں بحق ،58 روز میں غذائی قلت کے نتیجے میں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 139 ہو گئی، سول اسپتال مٹھی میں غذائی قلت کے شکار مزید 45 بچے موت و حیات کی کشمکش میں ہیں جن میں سے3 کو تشویش ناک حالت میں حیدر آباد کے اسپتال منتقل کر دیا گیا،سندھ حکومت کے دعوؤں کے باوجود انسانی جانیں بچانے کیلئے اقدامات نہ کیے جانے کے سبب بے بسی کی تصویر بنے تھر واسی کسی مسیحا کی راہ تک رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو تھر پارکر میں غذائی قلت کے نتیجے میں مزید 5ننھی جانیں دم توڑ گیں،جبکہ سول اسپتال مٹھی میں غذائی قلت کے شکار 45 بچے موت و حیات کی کشمکش میں ہیں۔

(جاری ہے)

3 کو تشویش ناک حالت کے باعث حیدر آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صحرائے تھر جہاں کبھی مور رقص کرتے تھے و ہاں آج موت کے سائے منڈلا رہے ہیں ہر طرف ناچتی بھوک روزانہ ماوٴں کی گودیں اجاڑ رہی ہے، لیکن سندھ حکومت کے دعوؤں کے باوجود تھر میں انتظامیہ کہیں نظر نہیں آتی ،کوئی جگر گوشے کی زندگی کیلئے کرامتوں کی منتظر ہے اور کسی کو مسیحا کا انتظار لیکن جن کی ذمہ داری ہے وہ خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں ادویات کی کمی بھی مشکلات بڑھا رہی ہے جبکہ کئی علاقوں میں کنویں خشک ہونے کے باعث لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

واضح رہے کہ موسم کی تبدیلی بھی بے بس تھر واسیوں کے لئے عذاب ثابت ہو رہی ہے۔(ار)

متعلقہ عنوان :