بلوچستان میں گھر گھر جا کر پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کی مہم معطل

عالمی ادارہ صحت نے صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا

جمعرات 27 نومبر 2014 15:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) عالمی ادارہ صحت نے بلوچستان میں گھر گھر جا کر پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کی مہم معطل کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر 4 رضاکاروں کی ہلاکت کے بعد صوبے بھر میں گھر گھر جاکر انسداد پولیو مہم معطل کردی جب کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں اور انسداد پولیو مراکز پر پولیو کے قطرے بدستور پلائے جائیں گے تاہم گھر گھر مہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر معطل کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ پشاور اور کراچی کے بعد کوئٹہ میں بھی دہشتگردوں کی جانب سے پولیو رضاکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے سنگین خطرات کے پیش نظر صوبے بھر میں گھر گھر جا کر قطرے پلانے کی مہم معطل کرد ی ادھر کوئٹہ میں پولیو ٹیم پر حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 34 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس نے مشرقی بائی پاس سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سرچ آپریشن کیا۔ فورسز نے 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا تاہم اسلحے میں نائن ایم ایم پسٹل شامل نہیں جس سے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق سی ایم ایچ میں زیر علاج تین زخمی خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ لواحقین کے مطابق پولیو ورکرز 6 ماہ کی تنخواہوں سے بھی محروم تھے۔ صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ کا کہنا ہے کہ تنخواہ ریلیز کر دی گئی تھی جو مرحلہ وار ورکرز کو ملنی تھی -

متعلقہ عنوان :