30نومبر کو قانون توڑنے والوں پر رنگ دار پانی پھینکا جائیگا ‘ پانی کا نشان 10دن تک رہیگا ‘گرفتاری میں آسانی ہوگی ‘ پرویز رشید

جمعرات 27 نومبر 2014 13:40

30نومبر کو قانون توڑنے والوں پر رنگ دار پانی پھینکا جائیگا ‘ پانی کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ 30نومبر کو قانون توڑنے والوں پر رنگ دار پانی پھینکا جائیگا ‘ پانی کا نشان 10دن تک رہیگا ‘گرفتاری میں آسانی ہوگی ‘ عمران خان گالی کی سیاست کے بانی ہیں ‘ شریف خاندان کے تمام ٹیکس ریکارڈ ز جلد میڈیا پر پیش کر دینگے ‘ عام انتخابات 2018میں ہونگے ‘ جمہوریت کا جاری رہنا ہی تمام مسائل کا حل ہے ‘ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے اور پناہ گاہیں ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ 30نومبر کو کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی انہوں نے بتایا کہ 30نومبر کے معاملے کو چوہدری نثار علی خان دیکھ رہے ہیں پولیس کو کسی پر گولی چلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور نہ ہی مسلم لیگ (ن)گولیوں اور تشدد پر یقین رکھتی ہے اگست میں بھی ہم نے انتہائی صبر اور تحمل سے کام لیا انہوں نے بتایا کہ اگر مظاہرین کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو ان پر رنگ دار پانی پھینکا جائیگا جس کا نشان تقریباً ہفتہ دس دن رہے گا اور وہ دھونے سے بھی نہیں مٹ سکے گا یہ فیصلہ اس لئے کیا کہ تاکہ مشتعل افراد کو پہنچانے میں دقت نہ ہو اور گرفتاری میں کسی مشکل کا سامنا نہ کر پڑے انہوں نے کہاکہ گرفتاری کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان گالی کی سیاست کے بانی ہیں، خان صاحب اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی زبان کی بھی تھوڑی سی مذمت کرلیں،قوم اور عدالتیں عمران خان کے ثبوتوں کی منتظر ہیں ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ شریف خاندان کے تمام ٹیکس ریکارڈز جلد میڈیا پر پیش کر دیں گے، 2018 ء تک مسلم لیگ ن کی حکومت رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حویلیاں جو خیبر پختونخوا کا حصہ ہے، سے آئندہ چند روز میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی جانب سے موٹروے کا افتتاح اس حقیقت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز پاکستان کے محسن ہیں جنہوں نے پاکستان کی بقاء کیلئے جنگ میں اپنے گھر بار چھوڑے اور ہمارے کل کیلئے اپنے آج کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن طور پر آئی ڈی پیز کی مدد کر رہی ہے، ہر متاثرہ خاندانوں کو ابتداء میں پچاس ہزار روپے دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے تحت تمام صوبوں کو ان کے حصہ کے مطابق رقم ملتی ہے تاہم کے پی کے جو دہشت گردی کا شکار ہوا، کیلئے ایک فیصد زائد حصہ مختص کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی حکومت کو جواب دینا ہو گا کہ اس نے دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کی بہبود کیلئے یہ اضافی رقم کیوں خرچ نہیں کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ڈی پیز سے ملاقات کیلئے خود بنوں کا دورہ کیا اور یہ عہد کیا کہ وہ ان کے گھروں کی تعمیر کیلئے ذاتی طور پر کام کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا جاری رہنا ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف دو مرتبہ عمران خان کے پاس خود چل کر گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر عمران خان مثبت رویہ کا اظہار کریں تو وزیراعظم اب بھی ان کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں تاہم عمران خان کنٹینر پر وزیراعظم کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہر ممکن انداز میں آئی ڈی پیز کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دہشت گرد سرگرمیوں کے ذریعے فاٹا کے عوام کو یرغمال بنایا، حکومت اس کی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے اور پناہ گاہیں ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے تمام اداروں، سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اجتماعی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کوبجلی، گیس اور بیروزگاری سمیت مختلف مسائل درپیش ہیں جنہیں موجودہ حکومت اپنے دور میں حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے عوام کو پی ٹی آئی سے پوچھنا چاہئے کہ صوبہ کی حکومت بنی گالہ اور کنٹینرز سے کیوں چلائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :