کالاباغ ڈیم کے مخصوص مخالفین اور پاکستان کے عوام اکٹھے نہیں چل سکتے، 5فیصد سے بھی کم ووٹ لینے والوں کو پورے پختونخواہ کی بات کرنے کا کوئی حق نہیں،ڈیم کے مخالفین عوام کو جوابدہ ہوں گے جن کی وجہ سے وہ 192ارب روپے مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں

واپڈا کے سابق چیئرمین انجینئر شمس الملک کا اسفند یا ر ولی کے کالاباغ ڈیم کے خلاف بیان پر ردعمل کااظہار

جمعرات 27 نومبر 2014 13:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) واپڈا کے سابق چیئرمین انجینئر شمس الملک نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کالاباغ ڈیم اکٹھے نہیں چل سکتے دراصل یہی مخصوص لوگ اور پاکستان کے عوام اب اکٹھے نہیں چل سکتے، کالاباغ ڈیم کے مخالفین کی وجہ سے ہی پاکستان موجودہ مصائب کا شکار ہے۔اے این پی کے سربراہ اسفند یا ر ولی کے کالاباغ ڈیم کے خلاف دئیے گئے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شمس الملک نے کہا کہ جن لوگوں نے کالاباغ ڈیم کے خلاف محاذ آرائی کی ہے وہ اللہ ہی کو نہیں پاکستان کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں گے، ان کی کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی وجہ سے پاکستان کے عوام 192ارب روپے کی مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان مخالفین کو عوام کا اتنا ہی درد ہے تو وہ اپنی جائیدادیں بیچ کر عوام کے بجلی کے بل ادا کیوں نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انجینئر شمس الملک نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں صوبہ خیبرپختونخواہ کے ایک کروڑ بائیس لاکھ چھیاسٹھ ہزار ایک سو ستاون (1,22,66,157) رجسٹرڈ ووٹوں میں سے عوامی نیشنل پارٹی کو صر ف پانچ لاکھ چھپن ہزار پانچ سو پچیس (5,56,525) ووٹ پڑے تھے، 5فیصد سے بھی کم ووٹ لینے والوں کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ پورے صوبے کی بات کریں۔

شمس الملک نے اے این پی قیادت کو دعوت دی کہ اگروہ کچھ غلط کہہ رہے ہیں تو اے این پی کالاباغ ڈیم کے خلاف اپنے ثبوت لے کر آئے ورنہ خیبرپختونخواہ اور پاکستان کے عوام کی حالت زار پر رحم کرے اور کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف اپنا موقف تبدیل کرے۔

متعلقہ عنوان :