انور بیگ بی آئی ایس پی میں اختیارات کے ناجائز استعمال سے روکے جانے پر مستعفی ہوئے ، انور بیگ کے بیٹے کی ادارہ کے بعض اہم امور میں براہ راست مداخلت ، اعلیٰ حکام کی اطلاع پر وزیر اعظم آفس کا سخت نوٹس ، وزیراعظم آفس سے بیٹے کی مداخلت کا سخت نوٹس ، انور بیگ کے ناجائز احکامات نہ ماننے کی ہدایات نے مستعفی ہونے پر مجبور کردیا

جمعرات 27 نومبر 2014 13:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین انور بیگ بی آئی ایس پی میں اختیارات کے ناجائز استعمال سے روکے جانے پر مستعفی ہوئے ، انور بیگ کے بیٹے کی ادارہ کے بعض اہم امور میں براہ راست مداخلت کی اعلیٰ حکام کے اطلاع دینے پر وزیر اعظم آفس نے اس کا سخت نوٹس لیا ، وزیراعظم آفس سے سختی سے انور بیگ کے بیٹے کی مداخلت کا نوٹس لینے اور بی آئی ایس پی کے حکام کو انور بیگ کے ناجائز احکامات نہ ماننے کی ہدایات کے بعد انور بیگ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر مجبور ہوگئے ۔

ذرائع کے مطابق انور بیگ جنہیں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ جیسے اہم ادارے کا چیئرمین بنایا گیا تھا ان کی سابق سیکرٹری بی آئی ایس پی رب نواز سے بھی تعلقات خراب ہو چکے تھے اور موجودہ سیکرٹری کے ساتھ بھی وہ خود کو ایڈجسٹ نہیں کر سکے اور ان کی یہ خواہش تھی کہ جس اندا زمیں اختیارات بی آئی ایس پی کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ استعمال کرتی رہی ہیں انہیں وہی اختیارات دئیے جائیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق انور بیگ کے بیٹے بعض امور میں براہ راست مداخلت کرنا شروع ہو گئے تھے اور مختلف پارٹیوں کو اہم کام دلوانے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتے تھے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت بی آئی ایس پی کا نیا چیئرمین ایک ایسے رکن قومی اسمبلی کو لگانا چاہتی ہے جس کے پاس اقتصادی امور کا وسیع تجربہ ہواو راس کے حوالے سے فیصلہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں کر لیا جائیگا جبکہ انور بیگ کو ان کی خواہش پر انہیں وزارت صنعت و پیداوار کے ایک ادارے پی آئی ڈی سی کا چیئرمین مقرر کیا جائیگا ۔

یہ عہدہ گریڈ 22 کے برابر ہے او ر انور بیگ کو بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین لگایا جائیگا۔ اس ادارے کے تمام اختیارات چیف ایگویکٹو آفیسر کے پاس ہوتے ہیں او راس عہدے پر خالد محمود چڈھا تعینات ہیں جنہیں سابق ڈپٹی وزیر اعظم چوہدری پرویز الہٰی نے اس عہدے پر تعینات کرایا تھا۔ چیئرمین کا عہدہ گزشتہ 7 سال سے خالی ہے اور کمپنیز آرڈیننس میں ترمیم کر کے چیئرمین کے اختیارات چیف ایگزیکٹو آفیسر کو دیدئیے گئے تھے۔ انور بیگ چیئرمین کے عہدے پر تعینات ہونے کے بعد وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کے ماتحت فرائض انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :