بلوچستان کو ملک کے ترقیاتی یافتہ علاقوں کے برابر لا کھڑا کرنا ہمارا مشن ہے،ڈاکٹر عبدالمالک

بدھ 26 نومبر 2014 23:24

ہرنائی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ملک کے ترقیاتی یافتہ علاقوں کے برابر لا کھڑا کرنا اور 21ویں صدی کی تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے، عوام کو صوبے کے وسائل کے ایک ایک پیسہ کا حساب دیں گے، ماری گیس کمپنی کے علاقے کی تعمیر و ترقی اور ملازمتوں میں مقامی افراد کی تعیناتی کو یقینی بنایاجائے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہرنائی میں قبائلی عمائدین ،سیاسی کارکنوں کے اجتماع اور سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور وسائل کا ایک ایک پیسہ ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائیگا، عوام کی امانت میں خیانت کا سوچ بھی نہیں سکتے، عمائدین سیاسی کارکن اور بلدیاتی نمائندے سکولوں اور صحت کے اداروں کی نگرانی کریں ، تعلیم کے بغیر آج کی دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ ناممکن ہے ، ہر استاد کو کلاس روم اور ہر بچے کو سکول میں لائے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماڑی گیس کمپنی پی پی ایل کی طرح عوام مخالف رویہ نہ اپنائے، انہوں نے کہا کہ سوئی نے ملک کو آباد کیا بلوچستان کو وسائل دئیے لیکن آج بھی وہاں کے لوگ گیس، بجلی ، پینے کے پانی ، تعلیم و صحت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

اب اس ذہنیت کو تبدیل کرنا ہوگا، ماری گیس کو مقامی افراد کے حق اور ملکیت کو تسلیم کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ نے ہرنائی میں گرلز انٹر کالج کے قیام، ہرنائی شہر کو نکاسی آب کے لیے 3کروڑ روپے، میونسپل کمیٹی کے لیے ایک فائر بریگیڈ گاڑی کی فراہمی، 2ایمبولینس گاڑیاں، ڈسٹرکٹ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو ضروری آلات کی فراہمی، گرلز پرائمری سکول کو مڈل کا درجہ دینے، زمینداروں کے لیے 3ہزار بلڈوزر گھنٹے، ہرنائی میں زیتون، شنے و دیگر جنگلی درختوں کے لیے نرسری کا قیام، ہرنائی لائبریری کے لیے 10لاکھ روپے، پریس کلب اور ہرنائی بار کے لیے 10,10لاکھ روپے ، مدرسہ عربیہ کے لیے 5لاکھ، سپورٹس فیسٹول کے لیے 20لاکھ اور میونسپل کمیٹی کو ایک ٹریکٹر کی فراہمی کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی کے لیے وفاقی وزیر ریلوے سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں اور صوبائی حکومت اس کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل عوام کے ہیں اور انہی کی فلاح بہبود ، تعلیم و صحت اور ترقی پر خرچ ہونگے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ مکمل کر لیا جائیگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ تعلیم، صحت اور پینے کے پانی کے شعبے نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں اور بلدیاتی نمائندے ان شعبوں کی نگرانی سمیت بہتری پر بھی توجہ دیں۔

متعلقہ عنوان :