بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملہ انتہائی انسانیت سوز، دہشت گردی ، وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 26 نومبر 2014 23:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملہ انتہائی انسانیت سوز، دہشت گردی ،پورے معاشرے اور ہمارے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہرنائی کا دورہ مختصر کر کے کوئٹہ واپسی کے فوراً بعد حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس عملش خان، سیکریٹری صحت ارشد بگٹی سمیت پولیس و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ کو صوبائی دارلحکومت میں بدھ کے روز پیش آنے والے اندوہناک واقعہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے والی ٹیم پر حملہ انسانیت سوز، اندوہناک ، بربریت اور وحشیانہ کاروائی ہے، دہشت گردی میں ملوث افراد کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائیگا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غفلت کے مرتکب افراد کا بھی تعین کر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائیگی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، ہمیں دہشت گردی ، شدت پسندی، فرقہ واریت، جہالت اور پسماندگی کا سامنا ہے لیکن ہمیں ملکر بلوچستان کو موذی بیماریوں ، پولیو، دہشت گردی، شدت پسندی، جہالت سے نجات اور امن و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے والے رضا کار اور محکمہ صحت کے اہلکار انسانیت کی خدمت پر مامور تھے اور انہوں نے ایک نیک مقصد کے دوران شہادت پائی، انہوں نے انسانیت کی بھلائی اور نیک مشن کے لیے اپنی جانوں کو قربان کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہیدوں کے خاندانوں کی صوبائی حکومت کفالت کریگی اور شہید ہونے والوں کے ورثاء کو 20, 20لاکھ روپے امداد جبکہ ان کے خاندان کے ایک ایک فرد کو سرکاری ملازمت بھی فراہم کی جائے گی اور زخمیوں کو علاج کی تمام تر بہتر سہولیات کی فراہمی کے اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکہ جات کی مہم بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھی جائے اگر مہم کسی تعطل کا شکار ہوئی تو یہ دہشت گردوں کی کامیابی تصور ہوگی، مہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں اور عملے کی سیکورٹی کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے بتایا کہ ٹیکہ جات کی مہم اسی عزم اور جذبے کے ساتھ جاری رہے گی، جمعرات کے روز بھی معمول کے مطابق مہم چلائی جائے گی اور کوئٹہ میں سیکورٹی کے لیے موثر اور فول پروف اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، تمام ٹیموں کو اضافی سیکورٹی اور ان کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات اٹھائے جائیں گے، دہشت گردوں کو کسی صورت ان کے مذموم اور عوام دشمن عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔