مخلوط حکومت کو تباہ حال ادارے، کرپشن سمیت مسائل کا انبار ورثے میں ملا ،صوبائی وزیر اطلاعات

بدھ 26 نومبر 2014 23:21

ہرنائی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ مخلوط حکومت کو تباہ حال ادارے، کرپشن، اقربا پروری، بدانتظامی سمیت مسائل کا انبار ورثے میں ملا ہے، لیکن تمام اداروں کو بحال کرنااور بدعنوانی واقرباپروری کا خاتمہ بھی ہماری ذمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہرنائی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی طاقت اور حمایت پر یقین رکھتے ہیں، عوام کی خدمت ، تعلیم کی بہتری، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیر ٹھیکیدار بھی ہوتا تھا، لیکن ہم صرف وزیر ہیں، کرپشن، اقرباپروری نے صوبے کے تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، ہم عوام سے تعلق رکھتے ہیں، فکری شعوری اور نظریاتی لوگ ہیں، ہماری عوام کے ساتھ پختہ وابستگی ہے، ماضی میں عوامی وسائل کرپشن کی نذر ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، لیکن ابھی تک ہم سو فیصدی مطمئن نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اور ملازمین خود کو عوام کا ملازم اور خادم سمجھیں۔

(جاری ہے)

بدعنوانی یا عوامی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیری حربے کسی صورت قابل قبول نہیں، انجینئرز اور افسران اور ٹھیکیدار حضرات اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں، عوامی وسائل کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائیگا، انہوں نے ماری گیس فیلڈ کے رویئے اور مقامی افراد کے ساتھ ناروا رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ملکیت اور جائیداد ہے، 18ویں ترمیم کے بعد اپنے اختیار اور حقوق کسی کے حوالے نہیں کرینگے، گیس فیلڈ کو عوام کا اختیار تسلیم کرنا پڑے گا اور علاقے کی ترقی و تعمیر اور مقامی افراد کو روزگار بھی فراہم کرنا ہوگا ، اگر کمپنی نے اپنا رویہ نہ بدلہ تو عوام راست اقدام اٹھانے میں حق بجانب ہونگے، صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور سابق وزیر اعلیٰ اور حکومتوں کی دیانتداری، کردار اور ویژن میں اگر کسی کو فرق نظر نہیں آتا تو وہ یقینا سیاسی بددیانتی کا مرتکب ہو رہا ہے، ہماری حکومت کی کارکردگی روز روشن کی طرح عیاں ہے ہم بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر احمد جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے صوبے کے عوام کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا، عوام کے پیسے ترقی ، خوشحالی، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے بجائے ان کی جیبوں میں گئے۔

اس موقع پر پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ضلعی سیکریٹری عبدالغفور شاہ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے علاقے کے مسائل اور عوام کو درپیش دیگر مشکلات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :