وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی ملاقات،

انتشار اور محاذ آرائی کی سیاست نے ملک کی ساکھ کو متاثر کیا ہے، ترقی کی شاہراہ سے ہٹانے اور فلاحی پروگراموں میں رخنہ ڈالنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی

بدھ 26 نومبر 2014 23:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بدھ کو یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصو بائی اسمبلی نے ملاقات کی- منتخب نمائندوں نے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں اور فلاحی پروگراموں پر پیشرفت سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتشار اور محاذ آرائی کی سیاست نے ملک کی ساکھ کو متاثر کیا ہے-احتجاج کے ذریعے عوام کی ترقی کے منصوبوں پر اثر انداز ہونے والے اپنے منفی رویوں پر غور کریں-ملک کو ترقی کی شاہراہ سے ہٹانے اور فلاحی پروگراموں میں رخنہ ڈالنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی-پاکستان کے 18کروڑ عوام نے احتجاج ، دھرنوں اور منفی سیاست کو یکسر مسترد کردیا ہے-انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے-عوام نے ہمیں خدمت خلق کا مینڈیٹ دیاہے،عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے- انہوں نے کہاکہ حکومت کی مخلصانہ اور سنجیدہ کاوشوں سے انشاء الله ملک جلد بحرانوں سے نکلے گا-انہوں نے کہاکہ دھرنوں سے معیشت کو ہونے والے نقصان کی محنت سے کام کر کے تلافی کریں گے-ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں طاہر بشیر چیمہ، بلال ورک، زاہد اکرم، سجاد حیدر گجر، محمد انیس قریشی، رانا عبدالستار خان اور بلال اکبر بھٹی شامل تھے- اس موقع پر ایم پی اے منشاء الله بٹ ، سابق ایم این اے سعود مجید اور وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری افضال بھٹی بھی موجود تھے-

متعلقہ عنوان :