پی ٹی آئی میں دوسری جماعتوں کے کارکنوں کی شمولیت نیک شگون ہے، پرویز خٹک،

پارٹی قیادت کا دامن کرپشن سے پاک ، نیک جذبے سے سرشار ہے وزیر اعلی

بدھ 26 نومبر 2014 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی میں دوسری جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کی شمولیت کو نیک شگون اور پارٹی کی مقبولیت وہر دلعزیزی کی علامت قرار دیا ہے انہوں نے واضح کیا کہ اس پارٹی کی قیادت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور وہ ملک وقوم کو مسائل کے منجدھار سے نکال کر نئے پاکستان کی داغ بیل ڈالنے کے جذبے سے سرشار ہے وہ نوشہرہ کے علاقہ حکیم آباد میں شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر مقامی سیاسی رہنما گل ریز حکیم خان نے اپنے اہل خاندان اور سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اورپارٹی کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلی خیبرپختونخو اپرویز خٹک کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہارکیا گل ریز حکیم خان نے اپنی رہائش گاہ عبدالحکیم ہاوس میں وزیر اعلی پرویز خٹک ، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، سابق ایم پی اے لیاقت خٹک اوراسحاق خٹک کی موجودگی میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور پرویز خٹک کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اعلان کیاانہوں نے واضح کیا کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت سے متاثرہوکر وہ تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور آئندہ تحریک انصاف کے سائے تلے عوام کی خدمت کریں گے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور لیاقت خان خٹک نے گل ریز حکیم خان کی تحریک انصا ف میں شمولیت کا نیک شگون قراردیا اور کہا کہ انہیں پارٹی میں جائز مقام دیا جائے گا پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت اور عمران خان کا وژن دیکھ کر سیاسی لوگ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں جبکہ مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں لیکن تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جو قومی مسائل پر اپنے واضح موقف کی وجہ سے عوام میں مسلسل مقبولیت حاصل کررہی ہے۔