Live Updates

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان منحرف المزاج لیڈر ہیں‘ اپنے وعدوں کا پاس کریں ، بلیغ الرحمن

بدھ 26 نومبر 2014 22:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) وزیر مملکت داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان منحرف المزاج لیڈر ہیں‘ اپنے وعدوں کا پاس کریں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد خودنمائی کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں‘ وہ اس سے باہر آئیں‘ خیبر پختونخوا میں عوام کی خدمت کے نئے معیار قائم کریں وہاں لوگ بنیادی سہولتوں کیلئے ترس رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم پر رحم کرتے ہوئے ذات کے خول سے باہر نکل آئیں۔ اسلام آباد میں کاروبار زندگی کو متاثر نہ کریں تاجر برادری ان کے دھرنوں اور احتجاج سے عاجز آچکی ہے۔ شہری بیزار ہو چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 30 نومبر آرام سے گزرے گا کچھ نیا نہیں ہونے والا۔ تحریک انصاف کے جلسے میں کوئی دم خم نہیں ہوگا۔ دارالحکومت میں عمران خان کے جلسے کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ عمران خان اپنے بیانات سے خود ہی دستبردار ہو جاتے ہیں وہ ایک منحرف المزاج لیڈر ہیں مگر عوام ان کے دعوؤں میں آکر گمراہ نہیں ہوں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات