Live Updates

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا(کل ) اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان،

دھاندلی کے ثبوت آگئے ہیں‘ جمعہ کو اہم انکشافات کروں گا‘ 30 نومبر فیصلہ کن دن ہوگا‘ نواز شریف‘ آصف، زرداری اور خورشید شاہ کرپٹ ہیں‘ نواز شریف کیلئے پاکستان کا مطلب پنجاب ہے‘ نواز شریف نے شوباز خاتون کو خیبر پختونخواہ میں دھرنا دینے کیلئے بھیج دیا‘ میں حکومت کو چیلنج نہ کرتا تو جمہوریت نہ بچتی‘ آئندہ سال نئے پاکستان کا ہے‘ بچے تھر میں مررہے ہیں ،بلاول جلسہ برمنگھم میں کررہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاآزادی دھرنے کے شرکا سے خطاب

بدھ 26 نومبر 2014 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے(کل ) جمعہ کو اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس دھاندلی کے ثبوت آگئے ہیں‘ جمعہ کو اہم انکشافات کروں گا‘ 30 نومبر فیصلہ کن دن ہوگا‘ نواز شریف‘ آصف زرداری اور خورشید شاہ کرپٹ ہیں‘ نواز شریف کیلئے پاکستان کا مطلب پنجاب ہے‘ نواز شریف نے شوباز خاتون کو خیبر پختونخواہ میں دھرنا دینے کیلئے بھیج دیا‘ میں حکومت کو چیلنج نہ کرتا تو جمہوریت نہ بچتی‘ آئندہ سال نئے پاکستانکا ہے‘ بچے تھر میں مررہے ہیں بلاول جلسہ برمنگھم میں کررہے ہیں۔

وہ بدھ کو آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج پتہ چلا ہے کہ ایاز صادق اب تک حکم امتناعی کے پیچھے کیوں چھپے ہوئے ہیں کیونکہ ایک حلقے میں 31 ہزار ووٹوں میں سے صرف 8 ہزار صحیح نکلے باقی سب فراڈ تھے اور کیا چوری سے جیتنے والا اسمبلی میں ایماندار ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے مک مکاء کررکھا ہے اسلئے نیب کا سربراہ کسی کو نہیں پکڑتا دونوں نے اپنا پیسہ باہر رکھا ہے یہ واپس نہیں لاتے۔

زرداری نے پہلے کہا کہ سرے محل میرا نہیں یہ محلہ بکا تو سارا پیسہ خود لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف زرداری اور خورشید شاہ کرپٹ ہیں اب نواز شریف‘ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شوگر ملوں سے تنخواہیں لے رہے ہیں جبکہ ایسا کسی ملک میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے لڑ رہا ہوں کیونکہ اگر اب ہم نہیں نکلیں گے تو انکے بچے بھی ہم پر حکمرانی کریں گے اور اپنے پیٹ بھریں گے اب نواز شریف اور تو کچھ نہیں کرسکتے۔

خیبر پختونخواہ میں ہمارے خلاف دھرنے کیلئے ایک شوباز خان خاتون کو بھجوادیا ہے جبکہ انہیں تو صوبے کی مدد کرنی چاہئے۔ پرویز خٹک ان کیخلاف سپریم کورٹ میں جارہے ہیں۔ اب معلوم ہوتا ہے کہ نواز شریف کیلئے پاکستان کا مطلب پنجاب ہے وہ صرف پنجاب کی ہی مدد کرتے ہیں اور بھائی کو ہی بیرون ملک دوروں پر لے کر جاتے ہیں اب اگر انہیں میں چیلنج نہ کرتا تو آج جمہوریت نہ ہوتی۔

عمران خان نے کہا کہ میرے پاس دھاندلی کے ثبوت آگئے ہیں جمعہ کو اہم پریس کانفرنس کروں گا جس میں اہم انکشاف کروں گا اور بتاؤں گا کہ دھاندلی کیسے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر فیصلہ کن دن ہے حکومت ہمیں روکے گی تو میچ بڑا مزیدار ہوگا کیونکہ اب تحریک انصاف 14 اگست والی نہیں ہے 30 نومبر کو اس کیساتھ ایک اور پارٹی ہوگی اور 30 نومبر کے بعد کھیل ختم نہیں ہوگا بلکہ آگے بڑھے گا کیونکہ حکومت کوئی حل نہیں نکال سکے گی اور ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال نئے پاکستان کا سال ہے۔ ہم نے پاکستان میں صوبوں کو برابر کے حقوق دیں گے۔ عدل و انصاف قائم کریں گے اور ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جسے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات