ڈاکٹر ضیاء الدین کی شہادت پر پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے فیصلے کے عین مطابق عدم تشدد کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ،میاں افتخار حسین

بدھ 26 نومبر 2014 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ جب کراچی میں اے این پی ویسٹ ڈسٹرکٹ کے صدر ڈاکٹر ضیاء الدین کو شہید کیا گیا تو اے این پی نے سنٹرل کمیٹی کے فیصلے کے عین مطابق عدم تشدد کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرایا۔ کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاوٴس کے سامنے احتجاج کیاگیا، پشاور میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا، بلوچستان ڑوب میں احتجاج کیا گیا جبکہ پنجاب اور سرائیکی میں بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

جس کے نتیجے میں سندھ حکومت نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے اے این پی کے صوبائی قائدین سے رابطہ کیا۔اْنہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے13 رکنی وفد نے صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری کی قیادت میں گزشتہ شام چیف منسٹر ہاوٴس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی ،ملاقات میں صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈاکٹر ضیاء الدین کی شہادت پارٹی رہنماوٴں اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی خدشات سے آگا ہ کیااور باچا خان مرکز اور گرد و نواح کے علاقے میں مسلسل قتل و غارت گری کی جانب وزیر اعلیٰ سندھ کی توجہ مبذول کروائی، وزیر علیٰ سندھ نے ڈاکٹر ضیائا الدین کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیااور ڈاکٹر ضیاء الدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ورثاء کے لیے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا،اور باچا خان مرکز کے قریب پولیس چوکی فوری تعمیر اور پارٹی رہنماوٴں کو سیکیورٹی دینے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ضیاء الدین کو شہداء کا سرکاری درجہ دیا گیا اور اسی طریقے سے اْن کو پیکج دینے کا اعلان کیا گیا۔ اور اسی طرح باچا خان مرکز کراچی کی حفاظت کا اقدام اْٹھانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اْنہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ آئندہ کیلئے ایسا نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا اور حکومت اے این پی کی حفاظت پر بھرپور توجہ دے گی۔

خدانہ کرے کہ ایسا کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش آیا تو اے این پی اپنی وضع کردہ پالیسی پر بھرپور عمل کرے گی اور اپنے شہداء اور ورکروں کی حفاظت کیلئے آخری حد تک جائیگی۔ اْنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ضیاء الدین کے شہید ہونے کے بعد اے این پی نے ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے جو کہ آج ختم ہو جائیگا۔اْنہوں نے کہا کہ اے این پی تمام صوبوں میں ٹارگٹ ہے اور جس طرح سندھ حکومت نے اے این پی کی حفاظت کیلئے اقدام اْٹھانے کا وعدہ کیا ہے اسی طرح وفاقی حکومت اور باقی صوبوں کو بھی اے این پی کی حفاظت کیلئے اقدام اْٹھانے چاہیے۔ اے این پی کے رہنما نے کہا کہ ڈاکٹر ضیاء الدین کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :