حکومت تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے سے پہلے انکے کارکنوں کی گرفتاریاں کرنے سے اجتناب کرے ‘تنویر اشرف کائرہ

بدھ 26 نومبر 2014 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے سے پہلے انکے کارکنوں کی گرفتاریاں کرنے سے اجتناب کرے اور پہلے کی طرح پرامن احتجاج کرنے دے۔اپنے ایک میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین سے بھی کہا کہ وہ بھی قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنا احتجاج کریں اور ریڈ زون میں داخل نہ ہوں کیونکہ پچھلی دفعہ بھی احتجاج کرنے والے پاکستان ٹیلی ویثرن کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے اور انہوں نے توڑ پھوڑ کی اور کچھ دیر کے لیے سٹیٹ ٹیلی ویثرن کی نشریات معطل کر دی گئی تھیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسوقت ڈنڈا بردار مظاہرین نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے مناظر جب دنیا ٹی وی سکرین پر دیکھتی ہے تو پاکستان کی بڑی جگ ہنسائی ہوتی ہے۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف دونوں کو قانون کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے اور قانون کے اندر رہتے ہوئے طاقت کا استعمال یا احتجاج کرنا چاہیے۔

تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر جہانگیر ترین کے خلاف اسوقت حکومت کی طرف سے چاراجوئی انتقامی فعل کے تاثر کو تقویت دیتی ہے جس سے ملک میں سیاسی حالات میں بہتری کی بجائے ابتری کے زیادہ امکانات پیدا ہونگے۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری طریقوں سے سیاسی تبدیلی کی حمایت کرتی ہے اور کسی ایسی تبدیلی کے حق میں نہیں جو دھرنوں کے ذریعے عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے دفاع اور اسکے فروغ کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتی رہے گی کیونکہ پارٹی کے نزدیک جمہوریت پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے موجودہ سیاسی بحران میں جمہوریت کو بچانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :