صوبائی وزیر ریونیو مخدوم جمیل الزماں نے محکمہ کے رجسٹریشن ونگ میں کام کرنیوالے او پی ایس پر کام کرنیوالے افسران کو فوری ہٹانے کے احکامات جاری کردئیے

بدھ 26 نومبر 2014 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء)سندھ کے وزیر ریونیو مخدوم جمیل الزماں نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو میں کسی بھی او پی ایس یا ڈٹیلمنٹ پر افسران کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر ہم مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ آئی جی رجسٹریشن محکمہ ریونیو میں ایسے تمام افسران کو فوری طور پر ہٹا دیں جو او پی ایس یا ڈٹیلمنٹ پر کا م کر رہے ہیں۔

وہ بدھ کو اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں آئی جی رجسٹریشن علی احمد بلوچ، ممبر آر ایس اینڈ ای پی مخدوم شکیل الزماں، چیف اسٹیمپ سندھ امتیاز راجپر اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی اور انہیں محکمہ میں موجود او پی ایس اور ڈٹیلمنٹ پر موجود افسران کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں نے ایسے تمام افسران جو او پی ایس یا ڈٹیلمنٹ پر محکمہ میں موجود ہیں ان کو ہٹانے کے احکامات دئیے اور اس سلسلے میں آئی جی رجسٹریشن کو اس کی پوری رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایات دی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور جو افسران محکمہ ریونیو سے دیگر محکموں میں ڈٹیلمنٹ پر ہیں انہیں دوبارہ محکمہ میں لایا جائے اور محکمہ میں میرٹ کی بنیاد پر افسران کا تقرر کیا جائے۔

انہوں نے آئی جی رجسٹریشن کو یہ بھی ہدایات دی کہ رجسٹریشن ونگ میں گریڈ کے حساب سے تمام تقرریاں کی جائیں اور اس پر کوئی افسر عمل درآمد نہیں کرتا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں آئی جی رجسٹریشن اور دیگر افسران نے محکمہ کے حوالے سے صوبائی وزیر کو مکمل بریفنگ دی۔