ایم کیوایم کے گلگت بلتستان میں سابق وزیر راجہ اعظم کا ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ ، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات

بدھ 26 نومبر 2014 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ گلگت بلتستان کے سابق وزیر راجہ اعظم نے گزشتہ روز ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کیا اور خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت رابطہ کمیٹی کے اراکین سے تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع ارکان رابطہ کمیٹی سید حیدر عباس رضوی،اسلم آفریدی اور گلگت بلتستا ن کمیٹی کے انچارج سید عارف رضا بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں رابطہ کمیٹی کی معاونت کیلئے ایم کیوایم گلگت بلتستان آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں کے معاملات پر اظہار خیال کیا گیا اور گلگت بلتستان میں آنے والے انتخابات کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے راجہ اعظم کی گلگت بلتستان کیلئے خدمات کو سراہا اور گلگت بلتستان کیلئے آئینی تشخص اور مکمل صوبائی اسٹیٹس کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور مکمل طور پر پاکستان میں صوبے کی حیثیت دلانے کیلئے ہر سطح پرآواز بلند کریں گے ۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیوایم کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور رکن رابطہ کمیٹی رشید گوڈیل کو ہدایت جاری کی کہ وہ فوری طور پردیامر بھاشاڈیم کے مسئلے کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اٹھا کر معاوضے کی تقسیم کو منصفانہ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ملاقات میں راجہ اعظم نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کو دیا مر بھاشا ڈیم کی زمینوں کے معاوضے کی غیر منصفانہ تقسیم پر اعتماد میں لیا ۔