جماعت اسلامی نے سرگودھا ہسپتال میں26بچوں کی ہلاکت پر تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی،

ڈی ایچ کیو سرگودھا میں اتنی بڑی تعداد میں مسلسل ہلاکتیں حکومت کیلئے الارمنگ اور توجہ طلب ہے، معصوم زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کوبھی نہیں دی جاسکتی،جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 26 نومبر 2014 21:13

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال سرگودھا میں26بچوں کی ہلاکت پر تحریک التواء پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی ۔ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کروائی جانے والے تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ ”ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سرگودھا میں ناقص طبی سہولیات کے باعث ایک ہفتے سے مسلسل بچوں کی اموات ہورہی ہیں اور اب تک26بچے وفات پاچکے ہیں۔

جس کی بنیادی وجہ انکوبیٹرزکی کمی،آکسیجن کی عدم دستیابی اور عملے کی غفلت اور لاپرواہی ہے۔DHQسرگودھا میں بچوں کی مسلسل ہلاکتیں حکومت کے لئے الارمنگ اور توجہ طلب ہے۔ضرورت ہے کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مشینری اور سہولیات کوبہتر بنائے تاکہ اس طرح ہونے والے جانی نقصان سے بچاجاسکے“۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں میڈیاکوجاری کردہ بیان میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لے کر انہیں قرار واقعی سزادے۔

معصوم زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کوبھی نہیں دی جاسکتی۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ صحت اور دیگر انتظامیہ غفلت کی نیند سورہی ہے۔جب تک حکمران عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کردیتے ایسے واقعات آئے روز ہوتے رہیں گے۔حکومت مزیدقیمتی جانوں کے ضیاع کوروکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔