کراچی ،شیخ رشید سے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سینیٹر بابر خان غوری کی ملاقات

بدھ 26 نومبر 2014 21:07

کراچی ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے بدھ کو مقامی ہوٹل میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سینیٹر بابر خان غوری نے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال ، 30 نومبر کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ہونے والے جلسے اور دیگر امو رپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شیخ رشید نے اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کو دعوت دی کہ وہ حکومت مخالف احتجاج میں ہمارا ساتھ دیں اور 30 نومبر کو ہونے والے جلسے میں شرکت کریں ۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم فی الحال 30 نومبر کے جلسے میں شرکت کا کوئی نہیں رکھتی ہے تاہم سیاسی صورت حال اور کسی بھی احتجاج میں شمولیت کے حوالے سے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی مشاورت سے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرے گی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین سے میرا دیرینہ رشتہ ہے ۔

میری خواہش ہے کہ ایم کیو ایم موجودہ صورت حال میں اپنا کردار ادا کرے ۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے اتحاد کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں۔ میرا اور عمران خان کا نظریہ ایک ہی ہے ۔ 30 نومبر کو ہمارا جلسہ پر امن ہو گا ، جس میں تمام جماعتوں کو شرکت کی دعوت ہے ۔ اس موقع پر سینیٹر بابر خان غوری نے کہاکہ ایم کیو ایم ایک جمہوری جماعت ہے ۔

ہم چاہتے ہیں کہ تمام مطالبات اور مسائل مذاکرات کے ذریعہ حل کیے جائیں ۔ احتجاج کرنا ہر جماعت کا حق ہے ۔ ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ آئندہ انتخابات کے انعقاد سے قبل مربوط انتخابی اصلاحات کی جائیں اور چیف الیکشن کمیشنرکی تقرری کے معاملے پر بھی تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوٴں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے اور 18 ویں ترمیم میں کوئی خامی ہے تو اسے آئینی طریقے سے دور کیا جائے ۔