30نومبرکو اگر احتجاج قانون کے دائرے میں رہتا ہے تو اجازت ہوگی‘ زعیم حسین قادری،

تحریک انصاف کے سوا کوئی جماعت جلاؤگھیراؤ کی بات نہیں کرتی، نہ پارلیمنٹ کو ڈاکوؤں کی آماجگاہ قرار دیتی ہے، نواز شریف شرافت کی سیاست کے علمبردار ہیں اور وہ عوامی مسائل کے حل کے وعدے پورے کرکے دکھائیں گے‘ ترجمان پنجاب حکومت

بدھ 26 نومبر 2014 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ 30نومبر کواگر احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں رہتا ہے تو اجازت ہوگی ، تحریک انصاف کے سوا کوئی سیاسی جماعت جلاؤگھیراؤ کی بات نہیں کرتی اور نہ ہی پارلیمان کو اور ڈاکوؤں اور چوروں کی آماجگاہ قرار دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان 2002کے الیکشن میں دھاندلی کا رونانہیں روتے صرف 2013کے انتخابات کے بارے میں واویلا کرتے رہتے ہیں اگر ثبوت ہے تو الیکشن کمیشن کو پیش کیوں نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو جلاؤگھیراؤ جیسے منفی ہتھکنڈوں کی بجائے عوام کی خدمت کے عزم پر یقین رکھتی ہے ۔نواز شریف شرافت کی سیاست کے علمبردار ہیں اور وہ عوامی مسائل کے حل کے وعدے پورے کرکے دکھائیں گے۔