الیکشن کمیشن کو ہر اعتبار سے بااختیار بنایا جائے ، تشکیل نو کی جائے ‘ لیاقت بلوچ ،

اجتماع عام سیاست ، ثقافت ،عوام میں جذبوں امید اور امنگوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا

بدھ 26 نومبر 2014 20:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اجتماع عام توقعات سے بڑھ کر کامیاب رہا ، یہ اللہ کی مدد اور رحمت سے ممکن ہوا ،ملک بھر میں مرد و خواتین ، طلبہ اور نوجوانوں نے بھر پور محنت اور جدوجہد کی ، انشاء اللہ پاکستان کی سیاست ، ثقافت ،عوام میں جذبوں امید اور امنگوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ،اجتماع کے شرکاء نے جھوٹ ، غیبت ، حرام سے پرہیز کا عہد کیاہے اسی کلچر کو عام کیا جائے گا، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستا ن کے لیے پاپولر جدوجہد عوام کے دکھ درد کا خاتمہ کر دے گی ، اجتماع عام میں خواتین اور نوجوانوں کی شرکت تاریخی تھی۔

ہم دیگر دینی سیاسی اور میدان صحافت کی سینئر شخصیات کی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ نوازشریف اور ان کی ٹیم قومی بحرانوں کے حل کے لیے تاخیر کی بجائے فوری اقدامات کرے۔ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں تاخیر شرمناک ہے ۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر عملدرآمد کے سوا اب دونوں کے پاس کوئی آپشن نہیں ۔ اصل مسئلہ تو یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی جائے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہر اعتبار سے بااختیار بنایا جائے ۔ نظام انتخاب کی اصلاح کی جائے ، ناقص نظام انتخاب اور شخصی بالادستی کے جمہوری نظام سے نکل کر جماعتوں کی بالادستی کے نظام کے لیے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کا نظام لایا جائے ۔