30نومبرپی ٹی آئی کے ٹا ئیگر اسلام آباد میں جہاد کیلئے آئیں گے،اعظم سواتی،

پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑااور مکان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا تھا، دسمبر کے آخری دنوں میں بونیر ماربل زون پر کام شروع ہوجائیگا،بونیرمیں جلسہ سے خطاب

بدھ 26 نومبر 2014 20:35

بونیر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ 30نومبر کو اسلام آباد میں نواز حکومت کا تختہ الٹ جائے گا۔جعلی پارلیمنٹ، غیر آئینی حکومت اور غیر قانونی وزیر اعظم کو نہیں مانتے۔ خیبر پختونخوا سے کارکن تمام رکاوٹین عبور کر کے اسلام آباد پہنچیں گے۔ تحریک انصاف کے کارکن اس بار جنگ اور جہاد کے لئے اسلام آباد آئیں گے اگر پولیس تشدد ہوا تو ہم ایک بہادر قوم ہونے کا ثبوت پیش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ضلع بونیر کی تحصیل ڈگرکے علاقے شل بانڈے میں ایک پر وقار شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی ضلع بونیر کے صدر بحراد علی خان اور ضلع بونیر کے صوبائی حلقے PK-78 اور PK-79کے سابقة امیدواراسرار خان اور عنایت اللہ خان ، ظاہر شاہ، شاد علی خان اورپیپلز پارٹی خواتین ونگ ضلع بونیر کی صدر شاہین بی بی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اعظم سواتی نے تحریک انصاف میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جوق در جوق تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ اس وقت عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چئیرمین عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں انسانی خدمت کے لئے خود کووقف کیا ہے آج وہ اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر ملک و انسانیت کی خدمت کیلئے کھڑے ہیں۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ مفاد پرست ٹولوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کی عوام اب جاگ چکے ہیں اور وہ تبدیلی کی خاطر اور ملک کو بچانے کے لئے گھروں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑا مکان کے نعرے پر عوام کا بیڑہ غرق کر دیا ۔ تحریک انصاف ایک شفاف نظام کی خاطر جدوجہد کر رہی ہے تاکہ ہر ایک کو انصاف اور اپنے حقوق میسر ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو آج ہم پر تنقید کرتے ہیں وہ ڈر کے مارے اپنے گھروں سے تو باہر ہی نکل نہیں سکتے تھے اگر آج وہ آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں اور جلسے کر رہے ہیں تو یہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی مرہون منت ہے۔ ملک قدرتی وسائیل سے مالامال ہے،جن میں بونیر ماربل کی سطح پر خود کفیل ہے،کیونکہ ملک کے نصف سے زیادہ ماربل بونیر سے حاصل ہوتی ہے،اسی لئے وقت اور انساف کا تقاضا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت یہاں پر ماربل زون کا قیام عمل میں لائے،جس ماربل زون پر کافی حد تک کام ہوچکا ہے۔

جس کیلئے سیکشن فور ہونے کے بعد اگلے ہفتے وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹینگ میں ماربل زون کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔اور مجھے امید ہے کہ دسمبر کے آخری دنوں میں بونیر ماربل زون پر کام شروع ہوجائیگا۔اعظم سواتی نے کہا کہ نواز شریف کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس دفعہ پی ٹی آئی کے ٹا ئیگر اسلام آباد کو جہاد کیلئے آئیں گے۔اگر پولیس نے ذرا بھی مداخلت کی کوشش کی تو ٹائیگروں کا مقابلہ پھر کوئی نہیں کر سکے گا۔

اور اسلام آباد میدان جنگ بن جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا تھا۔جبکہ تحریک انصاف کا نعرہ انصاف کا نعرہ ہے اور ہمارا مقصد اداروں کی اصلاح کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی آگئی ہے ۔اگر کوئی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں تو وہ پختونخواہ آئیں۔یہاں پر کافی حد تک ہم نے اداروں میں تبدیلیاں لائی ہے۔ان کے علاوہ تقریب سے ضلعی صدر امیر الامان،وزیر اعلیٰ کے مشیر سردار سورن سنگھ، صوبائی وزیر معدنیات ضیاء الدین آفریدی،ڈویژنل صدر نیک محمد،شیر خان، بحراد خان نے بھی خطاب کیا۔