آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبر پختونخوا نے اپنے دھرنے کومنسوخ کردیا،

27 تا 30 تاریخ ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان ; اس دوران تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے

بدھ 26 نومبر 2014 20:33

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبر پختونخوا نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے باعث اسلام آباد میں دھرنے کو منسوخ کرتے ہوئے 27 تا 30 تاریخ ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے اس دوران تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے ۔ یہ اعلان آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبر پختونخوا کے صدر اسلم خان ‘ جنرل سیکرٹری گوہر تاج ‘ چیف آرگنائزر سراج برکی ‘ گل نواز خان ‘ فرمان ‘ حیات محمد ‘ امتیاز خان اور گوہر شاہ نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبر پختونخوا کے عہدیداروں نے حکومت کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل بشمول کلاس فور خیبر پختونخوا کے کلرکوں کی اپ گریڈیشن کی طرح اپ گریڈ کیا جائے ‘ہاؤس رینٹ 2001 ء کی بجائے 2014 ء کی بنیادی تنخواہوں کے مطابق دیا جائے ۔

(جاری ہے)

میڈیکل الاؤنس کم از کم تین ہزار بڑھایا جائے ‘ تمام ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہوں میں ضم کیا جائے ‘ پنشن کموٹیشن کی شرح کو 65/35 کی بجائے 60/40 کیا جائے ‘ چیف منسٹر کمپلینٹ سیل ذاتی دشمنی کیلئے استعمال نہ کیا جائے ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو اگلے ماہ اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا جس میں ملک بھر کے تمام ملازمین شرکت کریں گے ۔