Live Updates

تحریک انصاف کے 30 نومبر کے دھرنے میں ناچ گانوں‘ ترانوں اور نئے چہروں کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔ دھرنوں کے ذریعے ہمارے کلچر کو تباہ اور مغربی کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے ، ملک میں بہت بڑی تباہی آئیگی‘ عمران خان دھرنے میں جو زبان استعمال کررہے ہیں بطور لیڈر انہیں زیب نہیں دیتی،

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 نومبر 2014 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 30 نومبر کے دھرنے میں ناچ گانوں‘ ترانوں اور نئے چہروں کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔ دھرنوں کے ذریعے ہمارے کلچر کو تباہ اور مغربی کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے جس سے ملک میں بہت بڑی تباہی آئے گی‘ عمران خان دھرنے میں جو زبان استعمال کررہے ہیں بطور لیڈر انہیں زیب نہیں دیتی۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان دعویٰ کرتے ہیں کہ دھرنوں کی وجہ سے عوام میں شعور پیدا ہوا‘ یہ غلط ہے بلکہ ہمارے کلچر کو تباہ کیا گیا کہ بیٹا والد اور بیٹی والدہ کی نافرمان اور چھوٹے بڑوں کا احترام نہ کریں۔ یہ کیسا شعور ہے۔ اس سے چھوٹوں اور بڑوں کے درمیان احترام کا رشتہ ختم ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ‘ پنجاب‘ بلوچستان اور سندھ میں اپنے اپنے کلچر میں باالخصوص دیہی علاقوں میں چھوٹے بڑوں اور والدین کا احترام کیا جاتا ہے۔ ہمارے کلچر کو ختم کروانے کیلئے مغربی کلچر کو متعارف کروایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ کسی جماعت کی لیڈرشپ دوسروں کیخلاف ایسی زبان استعمال نہیں کرتی اور جو زبان عمران خان اپنے دھرنوں میں استعمال کررہے ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتی اور خود گو نواز گو کے نعرے لگواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج جو نعرے لگوارہے ہیں کل انہیں بھی ان نعروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں باالخصوص بچوں کو والدین کا نافرمان بتایا جارہا ہے کیونکہ ہمارے ہاں چھوٹوں‘ بڑوں اور والدین کا بہت بڑا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نعروں کی وجہ سے پشاور یونیورسٹی میں گو نواز گو اور گو عمران گو کے نعروں دو افراد قتل ہوچکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صرف اپنے آپ پر اعتماد ہے اس کے علاوہ وہ ملکی قومی اداروں اور تحریک انصاف کے لوگوں پر بھی اعتماد نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر یہاں آنے کی بجائے بھارت چلے گئے تھے اور وہاں کئی معاہدے کئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات