لاہور ہائیکورٹ کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی دوبارہ جانچ پڑتال میں جواب داخل کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو آخری مہلت،

آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کیا جائے گا،عدالت

بدھ 26 نومبر 2014 20:01

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی دوبارہ جانچ پڑتال میں جواب داخل کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہزادہ مظہر نے تحریک انصاف کے کارکن جاوید بدر کی طرف سے دائر ادرخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیاکہ الیکشن کمیشن نے اپنی جائزہ رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ ریٹرننگ افسران اور نیب ، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں پر مشتمل کمیٹی نے امیدوراوں کی سکروٹنی کا عمل درست طریقہ سے نہیں کیا جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے الزامات کے بعد 2013ء کے عام انتخابات متنازع ہو چکے ہیں اور ٹیکس ڈیفالٹر اور چور اسمبلیوں میں پہنچ گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ دوہری شہریت کیس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کسی بھی وقت اراکین اسمبلی کی جانچ پڑتال کی جاسکتی ہے لہذا اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کی آرٹیکل 62اور 63کی روشنی میں دوبارہ سکروٹنی کا حکم دیا جائے، ایڈووکیٹ وقار مشتاق طور نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو دو مرتبہ نوٹس جاری ہو چکے ہیں مگر الیکشن کمیشن جواب جمع نہیں کرارہا جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کوجواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ 22جنوری تک جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کیا جائے گا۔