سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات ،تھر میں جاری امدادی کاموں ،ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی

بدھ 26 نومبر 2014 19:52

سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات ،تھر میں جاری امدادی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بدھ کو بلاول ہاوٴس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ،مراد علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پارٹی کے شریک چیئرمین کو تھر میں جاری امدادی کاموں اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیاسی صورت حال اور دیگر امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ تھر میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور طبی سہولیات میں اضافہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

تھر میں انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے ۔تھر کے عوام کو گندم کی فراہمی اور خصوصاً نوزائیدہ بچوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے ۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ تھر کی صورت حال پر کوئی کوتاہی یا غلفت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ تھر میں امدادی کاموں میں غلفت برتنے والے سرکاری افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور تھر کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کے عمل کو مربوط بنایا جائے ۔سابق صدر نے کہا کہ ملک کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ۔

یہ وقت انتشار پھیلانے کا نہیں ہے بلکہ سیاسی معاملات اور مسائل بات چیت کے ذریعہ حل کیے جاتے ہیں ۔یہی جمہوریت کا حسن ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ہماری پہلی ترجیح عوام کی خدمت کرنا ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنایا جائے ۔سابق صدر نے واضح کیا کہ سیاسی مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرانے میں پیپلزپارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔