معاشرے سے انتہا پسندی ،عدم برداشت کے کلچر کو خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘ چوہدری محمد سرور

بدھ 26 نومبر 2014 19:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ غربت اور محرومی معاشرے میں تمام برائیوں کی جڑ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت غربت کے خاتمے کے لیے اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں گجرات چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے کیا۔

وفد کی قیادت صدر ثاقب اسحاق کر رہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے ‘ حکومت اس سلسلے میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے باعث تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے حکومت پوری طرح آگاہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نے توانائی کے بحران کا حل اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی تجارتی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں اور نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں ۔ گورنر پنجاب نے پنکھا سازی کی صنعت اور کاٹیج انڈسٹری کے حوالے سے گجرات جیسے اہم تجارتی شہر کے کردارکو سراہا اور کہا کہ گجرات کی تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔

گجرات ایوان صنعت و تجارت کے صدر ثاقب اسحاق نے اپنے مسائل سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا ۔گورنر پنجاب نے مسائل کے حل کے لیے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔دریں اثناء‘پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے رہنما اور حلقہ این اے120 کے کوآرڈی نیٹر عارف حمید بٹ نے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی ۔اس موقع پرگورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں ۔

انہو ں نے کہا کہ ان کے دروازے سیاسی کارکنوں کے لیے دن رات کھلے ہیں اور میری یہ خواہش ہے کہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات اور ان کے ازالہ کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔عارف حمیدبٹ نے گورنر پنجاب کو اپنے حلقہ کے مسائل سے آگا ہ کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ان کے مسائل کو حل کرانے کے لیے ذاتی طور پر دلچسپی لیں گے ۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں شیعہ علماء کرام کے وفد نے بزرگ شیعہ رہنما الحاج حیدر علی مرزا کی سربراہی میں ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے سے انتہا پسندی اور عدم برداشت کے کلچر کو خاتمے کے لیے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گاکیونکہ باہمی رواداری ، بھائی چارے اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیے بغیر ہم ملک و قوم کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ قوموں کی صف میں نہیں کھڑا کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ بعض شر پسند فرقہ واریت کو ہوا دے کر ہمیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں ، ایسے ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کرنا ہمارا قومی دینی اور ملی فریضہ ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام احترام انسانیت کا درس دیتا ہے اور انہی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے حضرت امام حسین اور ان کے رفقائے کرام نے شہادت کو گلے لگالیا مگر انسانیت کی بقاء کے خلاف بات برداشت نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ اسی جدبہ حسینی کی آج بھی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کو یقینی بنانے میں انتظامیہ کا کردار قابل تعریف ہے اور توقع کہ حضرت امام حسین کے چہلم اور یوم علی کے موقع پر بھی امن و امان کے حوالے سے ایسے ہی فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ شیعہ برادری کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دروازے ان کے لیے ہروقت کھلے ہیں ۔ شیعہ علماء کرام کے وفد نے گورنر پنجاب کی طرف سے ان کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔