تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائیں، تاخیر کسی صورت برداشت نہیں،شہباز شریف،

سالانہ ترقیاتی پروگرام میں عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مضبوط معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، معیشت کو مضبوط بنیادوں پراستوار کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ ترجیحات طے کرکے آگے بڑھ رہے ہیں، شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈز کے اجراء اور استعمال پر اظہار اطمینان

بدھ 26 نومبر 2014 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مضبوط معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ آئندہ 4 برسوں کے دوران صوبے میں مقرر کردہ شرح ترقی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبے کی تیزرفتار ترقی اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جامع اصلاحات کے ذریعے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔

سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جا رہا ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے مختلف پروگراموں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2014-15 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پراستوار کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ ترجیحات طے کرکے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2014-15 پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈز کے اجراء اور ان کے استعمال کے حوالے سے اداروں کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور تیز رفتاری سے تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے موثر اور فعال طریقے سے کام کریں۔ نوجوانو ں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے اگلے 4 برس کے دوران مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے حوالے سے جاری پروگراموں پر تیزرفتاری سے عمل کیا جائے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ، ایکسائز و ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :